مداحوں کا جونی ڈیپ کو فلم ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ میں شامل کرنے کا مطالبہ
ہالی وڈ کے معروف اداکارجونی ڈیپ کے برطانوی عدالت میں ’بیوی پر تشدد‘ کا مقدمہ اخبار سے ہارنے وارنر بروس کی آنے والی فنٹیسی فلم ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ سے علیحدگی اختیار کرلی تھی-
باغی ٹی وی : 3 روز قبل جونی ڈیپ نے بتایا تھا کہ لندن کی ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار’دی سن‘ کے خلاف دائر کیا گیا 2 لاکھ یورو کا ہتک عزت کا کیس ہارنے کے بعد انہوں نے فلم ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ سے علیحدگی اختیار کی۔
اداکار کے مطابق ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ کی ٹیم نے ان سے فلم سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی جو انہوں نے قبول کرتے ہوئے خود کو فلم سے الگ کرلیا۔
تاہم اداکار کی جانب سے فلم سے الگ ہونے کے معاملے پر ان کے مداح ناخوش تھے اور انہوں نے اس عمل کو ناانصافی قرار دیا تھا۔
اور اب ان کے مداحوں نے جونی ڈیپ کو ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ میں واپس شامل کرنے کے لیے مہم کا آغاز کردیا۔
شوبز ویب سائٹ بلاسٹ کے مطابق جونی ڈیپ کے مداحوں نے آن لائن پلیٹ فارم چینج آرگنائیزیشن پر اداکار کے حق میں پٹیشن کا آغاز کردیا۔
پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا کہ جونی ڈیپ کو واپس فنٹیسی فلم ’ فنٹاسٹک بیٹس‘ کا حصہ بنایا جائے انہیں فلم سے الگ کرنا ان کے ساتھ نا انصافی ہے۔
آن لائن پٹیشن پر 10 نومبر کو شام 5 بجے تک ایک لاکھ 30 ہزار 8 سو سے زائد افراد نے دستخط کرلیے تھے اور جونی ڈیپ کو فلم میں واپس لانے کے لیے مزید افراد کی حمایت کی ضرورت ہے۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ جونی ڈیپ سے وارنر بروس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ استعفی دیں اور فینٹسٹک بیٹس 3 فلم میں گرائنڈوالڈ کے اپنے کردار کو چھوڑ دیں۔ یہ اس واقعے کی وجہ سے ہوا ہے جس میں عدالت نے "دی سن”اخبار کے ساتھ اپنے کیس کا فیصلہ سنایا تھا جو سراسر غیر منصفانہ تھا۔ ہم اسے واپس چاہتے ہیں! وارنر بروس کو عوام کی بات سننی چاہئے یا ہم فلم کا بائیکاٹ کریں گے !
تا ہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اداکار کے مداح ان کی حمایت کریں گے جس کے بعد ممکنہ طور پر جونی ڈیپ کو واپس فلم کا حصہ بنایا جائے گا تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی اداکار جونی ڈیپ برطانوی اخبار سن کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ ہار گئے تھے۔جونی ڈیپ رواں ماہ 2 نومبر کو لندن ہائی کورٹ میں برطانوی اخبار ’دی سن‘ کے خلاف دائر کیا گیا ہتک عزت کا مقدمہ ہار گئے تھے جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار پر 2018 میں اپنے خلاف ایک مضمون شائع کرنے پر 2 لاکھ یورو کا مقدمہ دائر کیا تھا۔
جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے 2015 میں شادی کی تھی تاہم 2016 میں 34 سالہ امبر ہرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگانے کے بعد طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔
دونوں میں طلاق ہونے کے بعد متعدد نشریاتی اداروں میں جونی ڈیپ کی جانب سے امبر ہرڈ پر تشدد کی خبریں شائع ہوئی تھیں، تاہم برطانوی اخبار کے مضمون میں تفصیلات کے ساتھ بتایا گیا تھا کہ اداکار نے بیوی کو 2 سال میں 14 مختلف مواقع پر جسمانی و جنسی تشدد کا نشانہ بنایا اخبار نے اپنے مضمون میں جونی ڈیپ کو ’بیوی پر تشدد کرنے والا شوہر‘ لکھا تھا-
مذکورہ مضمون کے بعد جونی ڈیپ نے اخبار کے خلاف جھوٹے دعوے کرنے پر مقدمہ دائر کیا تھا اور اس کی سماعتیں رواں برس جولائی سے ستمبر تک ہوئی تھیں جس میں جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ دونوں شامل ہوئی تھیں۔
سماعتوں میں جونی ڈیپ نے سابق بیوی پر تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اخباری مضمون میں جھوٹ لکھا گیاسچ تو یہ ہے کہ سابق اہلیہ ان پر تشدد کرتی تھیں۔
سماعتوں کے دوران امبر ہرڈ نے بتایا تھا کہ انہوں نے بھی ایک یا دو مرتبہ جونی ڈیپ پر تشدد کیا تھا مگر ان پر 14 مواقع پر تشدد کیا گیا اور ساتھ ہی سابق شوہر نے انہیں دوسرے مرد حضرات سے گینگ ریپ کا نشانہ بنوانے کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔
سماعتوں کے بعد رواں ماہ 2 نومبر کو لندن ہائی کورٹ نے جونی ڈیپ کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے کہا تھا برطانوی اخبار کے حق میں فیصلہ دیا تھا جس کے بعد جونی ڈیپ کو آنے والی فلم فانٹیسٹک بیٹس‘ کی ٹیم نے فلم سے الگ ہونے کی درخواست کی تھی فلم کی ٹیم کی جانب سے کی گئی درخواست کو اداکار نے قبول کرتے ہوئے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی۔