مقبوضہ کشمیرکی جیل میں قید کشمیری رہنما ظہور بٹ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

سرینگر(باغی ٹی وی )مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سینٹرل جیل میں قید کشمیری رہنما مقبول بٹ کے بھائی ظہور بٹ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق 11 جولائی کو سینٹرل جیل انتطامیہ نے ضلع کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے ظہور احمد بٹ کے اہل خانہ کو فون پر بتایا کہ ظہور احمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے۔ یہ خبر سنتے ہی ظہور احمد کے اہل خانہ تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
ظہور احمد کے اہل خانہ نے ساوتھ ایشین وائر کو بتایا کہ ظہور ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے ٹھیک نہیں تھی جس دوران انہیں مختلف علامات کا اظہار ہوا تھا۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ظہور احمد بٹ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی محمد مقبول بٹ کے چھوٹے بھائی ہیں۔ مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 میں دلی کے تہاڑ جیل میں پھانسی پر لٹکا کر وہیں دفن کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ظہور بٹ کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ کووڈ 19 جیسی علامات ظاہر ہونے کے بعد گزشتہ ہفتہ ظہور کو قید خانہ کی ایک علیحدہ سیل میں رکھا گیا تھا جس کے بعد ان کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں ظہور سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پورا خاندان پریشان ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق صحت خراب ہونے کے بعد بٹ کو ضلع ہسپتال اننت ناگ میں داخل کیا گیا تھا جس دوران کووڈ 19 ٹیسٹ کے لئے جانچ کا نمونہ حاصل کیا گیا۔ 5 جولائی کو بٹ کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی۔بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملہ کے بعد قید خانہ میں قیدیوں سمیت اسٹاف ممبران سے جانچ کے نمونے حاصل کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

Shares: