مارچ میں کورونا وائرس سے 121 اموات ریکارڈ محکمہ صحت سندھ
محکمہ صحت سندھ نے کہاکہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کورونا وائرس سے مارچ کے مہینے میں 121 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 49 اموات ضلع شرقی میں ہوئیں، جبکہ سب سے کم 2 افراد ضلع ملیر میں جاں بحق ہوئے۔ ضلع وسطی میں33 اور ضلع جنوبی میں 19 افراد کورونا وائرس کی وبا سے ماہِ مارچ میں جاں بحق ہوئے۔ مارچ کے مہینے میں کراچی کے ضلع غربی میں 11 اور ضلع کورنگی میں 7 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 3 ہزار 710 افراد انتقال کر چکے ہیں،ان انتقال کرنے والوں میں 69 فیصد مرد اور 31 فیصد خواتین شامل ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 65 ہزار 917 ہو چکی ہے، جبکہ کل اموات 4 ہزار 504 ہو چکی ہیں۔