مسئلہ فلسطین پر سعودی وزیر خارجہ کا بیان خوش آئند ہے ، شاہ محمود قریشی

0
43

مسئلہ فلسطین پر سعودی وزیر خارجہ کا بیان خوش آئند ہے ، شاہ محمود قریشی

باغی ٹی وی : وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیکولر بھارت کے حامی ہندوتوا پالیسیوں کے سبب سراپا احتجاج ہیں۔ سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر کا فلسطین کے حوالے سے بیان خوش آئند ہے جس نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔

وزارت خارجہ میں سابق خارجہ سیکرٹریز کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت، افغان امن عمل اور خطے میں امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے نہتے شہری گزشتہ ایک سال سے بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔ بھارت اپنے داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکا اجلاس کو افغان طالبان کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور افغان امن عمل کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین طے پانے والے حالیہ معاہدے اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر کا فلسطین کے حوالے سے سامنے آنے والا بیان خوش آئند ہے۔ سعودی عرب کے فلسطین کے حوالے سے بیان نے میڈیا میں ہونے والی قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا ہے۔

Leave a reply