موجودہ نسل کو زمانے کے مذہبی بہروپیوں سے بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں

0
109

کراچی : موجودہ نسل کو زمانے کے مذہبی بہروپیوں سے بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں ۔
تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاہے کہ عصر نو میں قوم کو ایسی تحریک کی ضرورت ہے جو اسلاف کے دامن سے وابستہ ہوکر سیکولرازم اور تخریبی سوچ کا مقابلہ کرکے انہیں صراط مستقیم پر گامزن کرسکے۔ موجودہ نسل کو زمانے کے مکاراور عیار ملاؤں،بناوٹی ناخداؤں اور مذہبی بہروپیوں سے بچانے کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں،نوجوانوں کو ایک عملی اور فکری پلیٹ فارم مہیاکریں گے۔
یہ باتیں انہوں نے جامعہ سبحانیہ رحیمیہ شاہ لطیف ٹاؤن میں تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔
اس موقع پر صدر علماء مشائخ ونگ تحریک اہلسنّت پاکستان ضلع ملیر علامہ قاری محمدصابر گولڑوی،صوفی جمال الدین قادری،محمدریحان قادری،قاری عبدالوہاب قادری، مولاناعبدالمجید سیفی،محمدشفقت، نعیم قادری ودیگر بھی موجودتھے۔پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہاکہ فی زمانہ عوام اہلسنّت بے ضمیر رہنماؤں کی تقلید میں فکری ونظریاتی انتشار کے شکار ہورہے ہیں۔تحریک اہلسنّت پاکستان اسلاف کے نظریات کی ترجمانی کرے گی۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت اسلامی شعائر ونظریات کے خلاف کام کرنے والوں کو لگام دے،منکرین ختم نبوت کی ارتدادی اور تبلیغی سرگرمیوں کو روکاجائے،نصاب تعلیم میں خاص طورپر عشق رسول ﷺ کی اہمیت پر مضامین شامل کئے جائیں۔کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بچیوں کی عصمت دری اور ہراسگی کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور ان اداروں میں صاف ستھرے اور پاکیزہ ماحول کو یقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ مملکت خدادادپاکستان ایک نظریاتی اسلامی مملکت ہے اس کا تشخص لازمی طورپر اسلامی ہوناچاہئے غیروں کی تقلید سے بازرہاجائے اور حکومتی سطح پر اسلامی تعلیمات کا پرچار کیاجائے۔ملک میں اسلام سے متصادم کسی بھی قانون کی آئین پاکستان اجازت دیتاہے نہ اسلام میں اس کی گنجائش ہے لہٰذاایسے قوانین پر نظرثانی کرکے انہیں مکمل اسلامی سانچے میں ڈھالاجائے۔

Leave a reply