مذاکرات سے انکار کرنا ایرانی قیادت کی بے وقوفی ہو گی، امریکی صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگرایران کی قیادت جوہری تنازع پر بات چیت کیلئے آمادہ نہیں آتی تویہ اس کی بہت بڑی بے وقوفی اور انا پرستی کا واضح ثبوت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو زمینی حقائق کا ادراک نہیں ہے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے ایک دن قبل دھمکی دی تھی کہ اگر جنگ ہوئی تو ایران کو بہت جلد گھٹنے ٹیکنا پڑیں گے اور جنگ کی صورت میں امریکہ کا پلڑا بھاری رہے گا. اس دوران ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جنگ ہوئی تو یہ طول نہیں پکڑے گی کیونکہ وہ اس جنگ میں زمینی فوج کو شامل نہیں کریں گے لیکن اب انہوں نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کی نوبت نہیں آئے گی تاہم اگر ایسا ہوا تو امریکہ طاقتور ثابت ہو گا.
رپورٹ کے مطابق قبل ازیں امریکہ نے ایران کی طرف سے امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کی صورت میں ایران کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی بھی دھمکی دی تھی. ادھر ایران نے بھی امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کا طرز عمل بے وقوفانہ اور عقل سے عاری ہے. ایران کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر ان کی حدود کی خلاف وری کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ مزید ڈرون گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں.