مذہبی سیاحت، بڑے صوبے میں "بدھ مت” کانفرنس کی تیاریاں جاری

0
31

مذہبی سیاحت، بڑے صوبے میں "بدھ مت” کانفرنس کی تیاریاں جاری

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے سینئر وزیر عاطف خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں خیبرپختونخواہ میں پہلی بار بدھ مت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر عاطف خان کا کہنا ہے کہ 5 روزہ بدھ مت کانفرنس اپریل میں پشاورمیں منعقد کی جائے گی، کانفرنس میں قومی اور بین القوامی آرکیالوجیکل ماہرین شرکت کریں گے۔

عاطف خان نے مزید کہا کہ کانفرنس میں بدھ مت ممالک کے سفیروں کو مدعو کیا جائے گا، کانفرنس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں آرکیالوجیکل سائٹس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ماہ نومبر میں کورین گندھارا سوسائٹی بدھ مت کے صدر نے 70 رکنی وفد کیساتھ لاہور عجائب گھر اور شاہی قلعہ کا دورہ کیا، وفد نے عجائب گھر میں عبادت بھی کی جبکہ انتظامیہ کی جانب کورین وفد کو گندھارا تہذیب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

گندھارا سوسائٹی کوریا کے وفد نے عجائب گھر میں دورہ کرتے ہوئے اپنی عبادت بھی کی جبکہ ڈائریکٹر میوزیم طارق محمود جاوید نے وفد نے گندھارا تہذیب کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر کورین گندھارا سوسائٹی کے صدر نے اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے اور لاہوریوں کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جذبات کا اظہار بھی کیا۔

عجائب گھر کے ڈائریکٹر طارق محمود جاوید کا کہنا تھا کہ گندھارا تہذیب کے بہت سے نمونے عجائب گھر میں رکھے گئے ہیں جن دیکھ کر کورین وفد نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورین وفد کا لاہور آنا ان کیلئے خوش آئند عمل ہے۔

کورین گندھارا سوسائٹی کے 70 رکنی وفد نے شاہی قلعہ میں شیش محل اور میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ انھوں مغلیہ دور کے طرز تعمیر کی تعریف کی اور خوبصورت مناظر کو کیمروں میں بھی محفوظ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان سے بدھ مت کے راہبوں نے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تہذیبوں کا گہوارہ اور 3 بڑے مذاہب بدھ مت، سکھ ازم اور ہندومت کے پیروکاروں کے لیے مقدس اور قابل احترام مقام ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بدھ مت کے ثقافتی ورثہ پر فخر ہے، پاکستان کی موجودہ حکومت نے سیاحت بالخصوص مذہبی سیاحت کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھ ہے۔ جنوبی کوریا کے بدھ راہبوں کے دورہ پاکستان سے امن اور تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کے مشترکہ پیغام کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

ماہ اکتوبر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قیمتی کثیر الثقافتی ورثہ کا مالک ہے اور ملک بھر میں گندھارا تہذیب کے ورثہ کے متعدد آثار موجود ہیں، حکومت مذہبی زائرین و سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ تھائی لینڈ کے بدھ مذہبی رہنما آریا وانگسو کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے 15 رکنی وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے موجودہ حکومت کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے اور مذہبی زائرین و سیاحوں کیلئے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا،

وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے میزبانی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورہ سے تھائی لینڈ اور دیگر ممالک سے سیاحوں کے پاکستان کے دورے اور اس کی قدیم گندھارا تہذیب کا مطالعہ کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

Leave a reply