معاشرے کو نشہ کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لئےاقدامات، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں
لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری کر رکھی ہیں- منشیات فروشوں کے خلاف جاری ان کارروائیوں میں گذشتہ ماہ778منشیات فروش گرفتار، 764مقدمات درج کیے گئے ہیں- منشیات فروشی جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں ہوں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہورساجد کیانی نے کہا ہے کہ منشیات فروشی کے تدارک کیلئے سخت اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہاکہ منشیات فروشی جیسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں۔ معاشرے کے ہر فرد کو نئی نسل کو نشہ کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے ماہِ جنوری کے دوران منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں کرتے ہوئے 778منشیات فروش گرفتار کر کے ان کے خلاف764 مقدمات درج کئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 05کلو413گرام ہیروئن،247کلو گرام سے زائد چرس،10ہزار224لیٹر شراب، 100گرام آئس اور03کلوگرام سے زائد افیون برآمدکی گئی۔سٹی ڈویژن پولیس نے156، کینٹ219،سول لائنز 77، صدر ڈویژن136، اقبال ٹاؤن52جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویژن پولیس نے 138 منشیات فروش گرفتارکئے۔ساجد کیانی نے ڈویژنل ایس پیز،ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو تعلیمی اداروں کے گرد ونواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ منشیات فروشوں کے قلع قمع میں لاہور پولیس کا ساتھ دیں۔