امریکی پاپ گلوکارہ ،لکھاری و ہدایت کار 62 سالہ میڈونا اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات خود ہی دیں گی-
باغی ٹی وی : خبر رساں ادارے اے پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یونیورسل پکچر نے 15 ستمبر کو اعلان کیا کہ پروڈکشن ہاؤس جلد ہی میڈونا کی زندگی پر بننے والی فلم پر کام کا آغاز کردے گا۔
رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ گلوکارہ و ہدایت کارہ میڈونا خود ہی اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات دیں گی اور فلم ان کی موسیقی کی زندگی پر مبنی ہوگی ساتھ ہی وہ مذکورہ فلم کی شریک لکھاری بھی ہوں گی اور وہ ایوارڈ یافتہ لکھاری ڈیابلو کوڈی کا ساتھ دیں گی۔
میڈونا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام تاحال نہیں رکھا گیا جب کہ فلم کو ایمی پاسکل پروڈیوس کریں گے جو 1992 میں میڈونا کی ’فلم اے لیگ آف دیئر آن‘ بھی پروڈیوس کر چکے ہیں ۔
جبکہ اس حوالے سے میڈونا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر مبنی فلم کو خود ہی لکھیں گی اور اس کی ہدایت بھی دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں بطور ایک گلوکارہ، موسیقار اور ڈانسر اس دنیا میں آگے بڑھنے کی اپنی کوششوں کے ناقابل یقین سفر کو خود لوگوں تک پہنچانا چاہتی ہیں۔
اپنے بیان میں میڈونا نے کہا کہ اس فلم کے توسط سے بھی ان کی توجہ کا مرکز موسیقی ہی ہوگی کیونکہ موسیقی مجھے آگے بڑھاتی رہی اور فن نے مجھے زندہ رکھا۔
انھوں نے کہا کہ بہت ساری ان سنی اور متاثرکن کہانیاں موجود ہیں لیکن مجھ سے بہتر انداز میں انھیں کون بیان کرسکتا ہے تاہم یہ ضروری ہے کہ میری زندگی کے نشیب و فراز میری اپنی آواز اور اپنے نظریے سے شیئر ہوں۔
واضح رہے کہ امریکی گلوکارہ کے پچیس سالہ فنی کیرئیر میں دو کروڑ سے زائد میوزک البم دنیا بھر میں فروخت ہوچکے ہیں اس کے علاوہ میڈونا بیس سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں-
گنیز بک آف ورلڈ ریکا رڈز میں میڈونا کو موسیقی کی تاریخ کی مقبول ترین خاتون گلوکارہ قرار دیا گیا جبکہ ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف امریکہ نے میڈونا کو بیسویں صدی کی مقبول ترین گلوکارہ قرار دیا۔
میڈونا بیک وقت ڈانسر، سنگر، پروڈیوسر، ڈائریکٹر، فیشن ڈیزائنر، مصنفہ اور اداکارہ بھی ہیں