اسلام آباد:چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت کی گئی جبکہ افغانستان کی بدلتی صورت حال کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کو برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے اپنے دورہ سندھ سے متعلق منصوبے سے آگاہ کیا جس پر بلاول بھٹو زرداری نے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے دورہ سندھ سے متعلق منصوبے کا خیر مقدم کیا۔

دوسری جانب چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلیر کی زرداری ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور امریکی سفارت کار انجیلا ایگلیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ معاملات بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلیر نے سندھ کے دورے سے متعلق اپنے منصوبے سے آگاہ کیا جس پر بلاول بھٹو زرداری نے امریکی سفارت کار انجیلا ایگلیر کے سندھ کے دورے سے متعلق منصوبے کا خیرمقدم کیا۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اہلیان سندھ کی مہمان نوازی کے ساتھ آپ کا دورہ سندھ یادگار ہوگا۔

واضح رہے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ میری تجویز ہے کہ طالبان کے معاملے پر وزیراعظم پارلیمان میں بھی بحث کروائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے متعلق وزیراعظم کا بیان خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے اب تک اس اہم معاملے پر پارلیمان میں بحث نہیں ہو سکی ، خطے کا امن افغانستان سے جڑا ہواہے ، افغانستان سے متعلق فیصلہ افغان عوام کو کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ افغان عوام کو ان کے حقوق دینا ہوں گے ، عالمی برادری کو افغانستان کی مدد کرنا ہوگی۔

Shares: