راولپنڈی:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجیرین ہم منصب نے ملاقات کی، جنرل ندیم رضا نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا گیا جبکہ نائیجیرین چیف نے جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نائیجیریا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل لکی ایلونئے نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل لکی ایلوونی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے نائیجرین ہم منصب سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون کے امور بشمول سکیورٹی، فوجی تبادلوں، تربیت اور موجودہ علاقائی ماحول پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائیجیرین چیف نے کہا کہ باہمی مفید بات چیت اور رابطوں سے دو طرفہ دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں افواج کے درمیان باہمی تعاون اورمفاہمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
جنرل ندیم رضا نے نائیجیریا اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کا اعادہ کیا جبکہ نائیجیرین چیف نے جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جے ایف 17 طیارہ اپنی منفرد جنگی صلاحیتوں کے ساتھ نائیجیریا کی سکیورٹی ضروریات پورا کر رہا ہے۔