ماسکو : نیٹ فلیکس اور ایپل کے بعد مائیکروسافٹ کا روس میں اپنی سروس بند کرنے کا اعلان ،اطلاعات کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ وہ روس میں اپنی تمام پراڈکٹس کی سیل اور سروس بند کررہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ روس کے یوکرین پر غیرقانونی، بلااشتعال اورغیرمنصفانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور احتجاجاً روس میں اپنی تمام پراڈکٹس کی نئی سیل اور سروس بند کررہے ہیں۔

خیال رہے مائیکروسافٹ سے قبل ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی کمپنی ’ایپل‘ ، ’نائیکی‘ ، ’ڈیل‘، کی جانب سے بھی روس پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

دوسری جانب مائیکروسافٹ نے روسی میڈیا ’آر ٹی‘ کی موبائل ایپلیکیشن کو ونڈوز ایپ اسٹور سے نکال دیا ہے اور روسی میڈیا کو اشتہارات دینے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔اس سے قبل یوکرین پر حملوں کے بعد سوشل میڈیا کی تقریباً تمام کیمپنیز فیس بک ، ٹوئٹر کے علاوہ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’فیس بک‘ نے نہ صرف روسی میڈیا کی مونیٹائزیشن ختم کردی بلکہ ان کے اشتہارات بھی بند کردیئے ہیں جب کہ فیس بک نے روس کی متعدد سرکاری نشریاتی اداروں کے مواد پر بھی جزوی پابندی عائد کردی ہے۔

گوگل، یوٹیوب اور ٹوئٹر کی جانب سے بھی روس کے سرکاری میڈیا چینل ‘آر ٹی’ سمیت دیگر تمام ٹی وی چینلز پر ویڈیوز کے ذریعے اشتہارات کے ذریعے پیسے کمانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

یوکرین کے ساتھ جنگ کے اثرات اب روس کی معیشت پر بھی اثرانداز ہورہے ہیں۔ مغرب کی اقتصادی پابندیوں کے بعد دنیا کی بہت سی کمپنیوں نے روس میں اپنی خدمات اور آپریشن روک دیے ہیں۔

سبسکرپشن بیسڈ اسٹریمنگ سروسز فراہم کرنے والی امریکی کمپنی نیٹ فلکس نے بھی روس میں اپنے تمام جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر کام روک دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمپنی نے روس میں مستقبل کے تمام منصوبوں کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔

اس بابت نیٹ فلکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت روسی زبان میں چار سیریز پروڈکشن اور پوسٹ پروڈکشن میں تھی تاہم روس یوکرین جنگ کے تناظر میں ان منصوبوں کو وقتی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

Shares: