سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز،منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی

8 ذوالحج کے اس دن کو یوم ترویہ کہا جاتا ہے
0
50
Hajj 2023

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، اس سال کووڈ 19 وبا سے قبل جیسی بھرپور تعداد میں حج ادا کیا جا رہا ہے، سعودی عرب کی جانب سے اس سال مسلمانوں کو عازمین حج کی تعداد اور عمر کی پابندی کے بغیر حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

باغی ٹی وی : سعودی عرب میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا جہاں منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی منیٰ مسجد حرام سے 5 کلومیٹر دور ہے جہاں لاکھوں عازمین رات کو قیام کریں گے اور رب سے گڑ گڑا کر دعائیں کریں گے آج 8 ذوالحج کے اس دن کو یوم ترویہ کہا جاتا ہے۔ اس دن عازمین حج منی میں پانچ نمازیں پڑھتے ہیں منیٰ میں تلبیہ، تسبیح اور تکبیر پڑھی جاتی ہے۔


عازمین صبح فجر کی نماز ادا کرنے کے بعد حج کے سب سے بڑے رکن وقوف عرفہ کیلیے روانہ ہوں گے جہاں وہ خطبہ حج سُن کر ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے،پاکستان کے 2 لاکھ عازمین سمیت 160ممالک سے 25 لاکھ کے قریب عازمین لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے منٰی پہنچ گئے۔ جہاں ’لبیک الھم لبیک‘ کی صدائیں بلند ہورہی ہیں۔

عازمین آج کی رات مِنیٰ میں ہی قیام کریں گے اور منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے حج کا رکن اعظم ”وقوف عرفہ” منگل کو ادا کیا جائے گا۔حاجی مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور ظہراور عصر کی نمازیں قصر کرکے پڑھیں گے۔ دن بھر ذکراذکارکریں گے اور جبل رحمت پر جا کر اپنی اور امت مسلمہ کی بخشش کی دعائیں کریں گے ۔

سورج غروب ہوتے ہی حجاج مغرب کی نماز ادا کیے بغیر مزدلفہ کی طرف روانہ ہوجائیں گے مزدلفہ پہنچ کر مغرب ور عشا کی نماز عشا کے وقت میں ادا کریں گے اور رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے یہاں سے ہی جمرات کو مارنے کیلیے کنکریاں جمع کریں گے،10 ذی الحج صبح فجر کے بعد واپس منٰی چلے جائیں گے 10، 11 اور 12 ذو الحج اور اختیاری طور پر 13 ذو الحج کو حجاج کرام منیٰ میں قیام کرتے ہیں۔ پرسوں بدھ سعودی عرب میں 10 ذوالحج کو حجاج کرام منیٰ پہنچ کر رمی جمار کریں گے یعنی شیطان کو کنکریاں ماریں گے 10 ذو الحج کو صرف ایک جمرہ کی رمی کی جائے گی۔ گیارہ اور بارہ ذو الحج کو تینوں جمرات کی رمی کی جاتی ہے۔ قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور خانہ کعبہ جا کرطواف زیارہ کریں گے اور واپس منی جا کر ایام تشریق گزاریں گے-

حکومت پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کی مدد اور سہولت کے لئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا ہے ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق کنٹرول روم میں معلومات اور رابطے کو یقینی بنانے کے لیے ایک انفارمیشن سیل قائم کیا گیا ۔ اس کے علاوہ گمشدہ حاجیوں یا گمشدہ سامان کی تلاش میں مدد کے لئےایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے نجی طور پر حج کے لئے جانے والے عازمین کے کسی بھی ممکنہ مسائل کی کڑی نگرانی اور ان کے حل کے لیے ایک علاحدہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہےمختلف دیگر خصوصی یونٹس، جیسے کہ وہیل چیئر ڈیسک وغیرہ حاجیوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔

سعودی عرب کی حکومت اور حرمین الشریفین کی انتظامیہ نے عازمین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی کے سخت اور دیگر معاملات کے لیے بھی زبردست انتظامات کیے ہیں، عازمین کو گرمی سے بچانے کے لیے انہیں پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ جگہ جگہ پر فوارے کے ذریعے اُن پر پانی چھڑکا جارہا ہے۔

امسال بھی خطبہ حج کو عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، چینی سمیت دیگر زبانوں میں بیک وقت نشر کیا جائے گا حرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈنسی کے سربراہ اور امام کعبہ عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ ہم نے 300 کروڑ افراد کے خطبہ حج کا منصوبہ بنایا تھا مگر اللہ نے ہمیں سرخرو کیا جس کے بعد رواں سال 50 کروڑ افراد خطبہ حج سُن سکیں گے۔

حج انتظامات کی تیاریوں کے سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت نے خطبہ حج کو پوری دنیا کے مسلمانوں تک پہنچانے کے لیے جدید ترین مواصلاتی ڈیجیٹیل سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے دنیا بھر میں ارد سمیت دنیا کی بیس بڑی زبانوں میں خطبہ حج کا ترجمہ براہ راست نشر کیا جائے گا۔

اس ضمن میں صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین نے خطبہ حج کا ترجمہ 20 بین الاقوامی زبانوں میں نشر کرنے اور اسے پوری دنیا کے مسلمانوں تک پہنچانے کی تیاری کے لیے’منارات الحرمین‘ پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل سروسز سسٹم کی تیاری کا اعلان کیا ہے۔


العربیہ کے مطابق صدارت عامہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے تکنیکی امور ڈیجیٹل تبدیلی اور مصنوعی ذہانت انجینیر وسام بن محمد مقادمی نے کہا کہ میدان عرفات کے خطبہ کے ترجمے کے منصوبے کا مقصد مسلمانوں کو ڈیجیٹل دنیا کو استعمال کرتے ہوئے خطبہ حج سننے اور دیکھنے کے قابل بنانا ہے۔ یہ سروس مسجد حرام کے منارات حرمین پلیٹ فارم کی ویب سائٹ اور سمارٹ فون ایپلی کیشنز کے ذریعے ایک ہی لمحے میں دُنیا بھر میں500 ملین سے زیادہ سامعین اور زائرین تک حرمین شریفین کا پیغام پہنچانے کے لیے تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹیل پلیٹ فارم کے معیار میں کنکشن سرکٹ (IP-VPN)کی رفتار میں اضافہ (DIE) کی رفتار میں اضافہ ، تمام ڈیجیٹل براڈکاسٹنگ ڈیوائسز کی جانچ، ڈیٹا ٹرانسمیشن کی رفتار کی جانچ اور ڈیٹا ٹرانسمیشن کی حفاظت کی پیمائش کی تکمیل کی گئی ہے۔

Leave a reply