میں کسی شوگر یا فلور مل کا مالک نہیں۔ سبطین خان

میرے دور میں قومی خزانے کو ایک روپے کا بھی نقصان نہیں پہنچا۔ وزیر جنگلات

وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے کہا ہے کہ میری احتساب عدالت پیشی کے موقع پر چند ن لیگی کارکنوں نے مخالفانہ نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میں نے میڈیا سے بھی کہا ان مظاہرین کو سمجھائے کہ سبطین خان کی کوئی شوگر مل یا فلور مل نہیں۔ لہذا یہ نعرے سبطین خان کے خلاف نہیں تھے۔ سبطین خان کا دامن پہلے بھی صاف تھا اب بھی صاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریتی شوگر اور فلور ملز ن لیگی قائدین کی ہیں۔ میرے دور میں قومی خزانے کو ایک روپے کا بھی نقصان نہیں پہنچا۔ میں دیانتدارانہ سیاست کو ترجیح دیتا ہوں۔ ہماری جنگ ہی ملک لوٹنے والوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کہیں بھاگنے والے نہیں نہ ہی بیماریوں کے نام پر چھپنے والے ہیں۔

احتساب کیلئے بخوشی خود کو پیش کیا ہے۔ عدالتوں پر اعتماد ہے۔ امید ہے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔ سبطین خان نے کہا کہ ووٹرز کے اعتماد کو نہ پہلے کبھی ٹھیس پہنچائی نہ آئندہ پہنچنے دوں گا۔ وزارت حلقے کے ووٹرز اور پارٹی کی امانت ہے، اس میں خیانت کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ قبل ازیں احتساب عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہائیکورٹ نے پہلے بھی میرے حق میں 20 صفحات پر مشتمل فیصلہ دیا تھا لیکن مجھے پھر سے اس کیس میں ملوث کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ دریں اثنا یوم یکجہتی کشمیر کے ضمن میں سبطین خان نے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ، بے بسی اور مجبوری کا نام کشمیر ہے۔ ہم کشمیریوں کو یہ پیغام دیتے عمران خان اور مسلم امہ ان کے ساتھ ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے-

Shares: