اسلام آباد: ملک کے کسی بھی حصے میں موبائل فون سروس بند نہیں کی جائےگی:ترجمان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی علاقے میں موبائل فون یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے پنجاب کے مختلف اضلاع میں جزوی طور پر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور کے 20 اور پنجاب کے 350 مقامات پر موبائل فون سروس بند کر نے کی منظوری دی تھی تاہم اس کا نوٹی فکیشن اب تک جاری نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کیلئے اسلام آباد میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اور وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کی سیکیورٹی کے لیے فوج اور ایف سی کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے پنجاب سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا ہے، اور موٹروے ایم ون کو اسلام آباد جاتے ہوئے صوابی کے مقام پر بند کیا گیا ہے جب کہ موٹروے لاہور سے راوی ٹول پلازہ پر بھی کنٹینرز رکھ کر بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔