مودی حکومت کی اردو دشمنی، اردو الفاظ استعمال نہ کرنے کی ہدایت

0
26

مدھیہ پردیش :مودی حکومت کی اردو دشمنی، اردو الفاظ استعمال نہ کرنے کی ہدایت،اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس کو کاغذی کارروائی میں اردو الفاظ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیو راج چوہان نے ریاستی پولیس کو اردو الفاظ استعمال نہ کرنے کی ہدایت جاری کرکے مکمل طور پر ہندی الفاظ استعمال کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش پولیس برطانوی دور سے اردو اور فارسی اصطلاحات استعمال کرتی آ رہی ہے۔

بھارتی وزارت داخلہ نے بھی وزیر اعلیٰ شیو راج چوہان کے حکم کے بعد محکمہ پولیس کو اردو اور فارسی زبانوں کے الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا ہے۔

ادھر چند ماہ قبل عالمی اداروں نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت میں مودی سرکار اردو کا وجود ختم کرنا چاہتی ہے، اور اس سلسلے میں بہت سے خطرناک فیصلے کیے ہیں، یہ رپورٹ کچھ اس طرح تھی

بھارت میں مودی سرکار نے اردو زبان سے دشمنی نکالتے ہوئے کئی اردو اسکول بند کر دیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق احمدآباد میں اردو اسکولوں کو تزئین و آرایش کے نام پر بند کرنے کی سازش کا انکشاف ہوا ہے۔ احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے ماتحت چلنے والے 8 سے زائد اردو اسکولوں کو ڈیڑھ برس قبل مرمت کرنے کے لیے بند کیا گیا تھا اور اب تک وہاں تعلیم کا سلسلہ بحال نہیں کیا گیا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست گجرات میں منظم انداز میں اردو اسکولوں کو بند کر کے طلبہ کا مستقل تاریک کرنے کی سازش تیار کی گئی ہے۔ گومتی پور اردو اسکول نمبر ایک اور 2 کو ڈیڑھ سال قبل مرمت کے لیے بند کیا گیا تھا، تاہم مدت گزرنے کے باوجود میونسپل کارپوریشن کا ایک کارندہ بھی کام کے لیے نہیں پہنچا۔ مقامی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث طلبہ شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں دور دراز اسکول میں پڑھنے کے لیے جانا پڑتا ہے۔

مقامی کونسلر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اسکول کو خستہ حال بتا کر بند کر دیا گیا تھا، لیکن ابھی تک کام شروع نہیں کیا گیا، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر اردو اسکولوں کی تعمیراتی کام شروع نہیں کیا جا رہا اور انہیں بند کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی اردو زبان سے دشمنی کوئی ڈھکی چھپی نہیں ہے اور بی جے پی حکومت کئی بار مقبوضہ علاقوں میں بھی اردو کو ختم کر کے ہندی رائج کرنے کی کوشش کر چکی ہے۔

قبل ازیں اتراکھنڈ کی حکومت نے تمام ریلوے اسٹیشنوں کے نام اردو سے ختم کر کے ہندی میں لکھنے کا اعلان کیا تھا۔ وہاں تمام ریلوے پلیٹ فارم پر اسٹیشن کے نام انگریزی، اردو اور سنسکرت میں لکھے جاتے تھے، تاہم متنازع اقدامات کے بعد انگریزی، سنسکرت اور ہندی میں لکھنے کا فیصلہ کیا ہے

Leave a reply