سیشن کورٹ لاہور نے اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر کے اہلیہ پر تشدد کے کیس میں ان کی عبوری ضمانت میں 16 اگست تک توسیع کردی ۔ عدالت نے پولیس کو آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

اہلیہ پر تشدد کیس میں محسن عباس اپنے وکلاء کے ساتھ ضمانت میں توسیع کےلیے عدالت میں پیش ہوئے. پولیس نے نا مکمل تفتیش عدالت میں جمع کرائی جس پرعدالت کی جانب سے حکم دیا گیا کہ آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کی جائے ۔

محسن عباس کی اہلیہ نے بھی اپنے وکیل کا وکالت نامہ جمع کرا دیا ہے۔ فاطمہ سہیل نے اپنے کیس کے لیے بیرسٹر احتشام کی خدمات حاصل کی ہیں۔ محسن کے خلاف ان کی اہلیہ نے 23 جولائی کو لاہور کے تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ ایف آئی آر میں محسن عباس حیدر پر تشدد، جان سے مارنے کی دھمکیاں اور بے وفائی کیے دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق فاطمہ سہیل نے محسن عباس کے کہنے پر اپنے والد سے 50 لاکھ روپے لے کر ان کو دیے لیکن محسن نے مزید 50 لاکھ روپے لانے کا کہا اور منع کرنے پر اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ فاطمہ نے ایف آئی آرمیں ماڈل نازش جہانگیر نامی لڑکی سے تعلقات کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے محسن عباس کی درخواست پر 24 جولائی کوان کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 5 اگست تک منظور کی تھی جس میں آج 16 اگست تک توسیع کی گئی ہے۔

یاد رہے نازش جہانگیر نے فاطمہ کی جانب سے تمام الزامات جھٹلا دیے تھے اور کہا تھا کہ جو سچ ہے سامنے آ جائے. فاطمہ پر تشدد کا افسوس ہے لیکن ان کے الزامات جھوٹے ہیں.

Shares: