اسلام آباد :محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیرخان اگلے سفر پرروانہ ہوگئے:ایچ 8 میں سپرد خاک ،اطلاعات کے مطابق محسن پاکستان اور پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
اس سے قبل قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ احمد الغزالی نے پڑھائی۔
محسن پاکستان کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ایک انکلوژر عوام کے لیے بنایا گیا تھا جبکہ دوسرا انکلوژر وی آئی پیز کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ کے بعد ان کے جسد خاکی کو تدفین کے لیے ایچ 8 قبرستان اسلام آباد روانہ کیا گیا جہاں ان کی تدفین کردی گئی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر کی نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔نماز جنازہ سے قبل محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی جب کہ نماز جنازہ کے موقع پر بارش بھی ہوتی رہی۔
یاد رہے کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج صبح مقامی ہسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔ گذشتہ شب پھیپھڑوں کے عارضے کے سبب ان کی طبعیت خراب ہوئی جس پر انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، آئی سی یو میں ڈاکٹروں کی جان توڑ کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔ صدر ، وزیراعظم سمیت سیاسی رہنماوں اور عسکری قیادت نے ان کی وفات پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔