واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاری صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں قانون کی عملداری کریں۔
امریکا کی جانب سے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ردعمل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں آئین کی پاسداری یقینی بنائیں، امید ہے کہ تمام پارٹیاں گڈ گورننس اور جمہوری اقدار پر قائم رہیں گی۔امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکا پاکستان میں اپنے مفادات کا تحفظ کرے گا
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنی حکومت کی برطرفی کی وجہ امریکی سازش قرار دیتے ہیں۔ ثبوت کے طورپر انہوں نے گذشتہ ماہ اسلام آباد میں منعقدہ جلسے میں ایک خط لہرایا تھا جس میں مبینہ طور پر امریکہ کی جانب سے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی دھمکی دی گئی تھی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران اس خفیہ خط کی مندرجات بھی شیئر کی تھیں۔ مندرجات کے مطابق تحریک عدم اعتماد کا مقصد وزیراعظم کو ہٹانا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے، پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کو پسند نہیں کیا جا رہا، آنے والے دنوں میں آپ کے لیے حالات مزید مشکل ہوں گے۔
مندرجات میں بتایاگیا کہ اگر عدم اعتماد کامیاب ہو جاتی ہے تو ریاستِ پاکستان کے ساتھ معاملات بہتر کر سکتے ہیں، آنے والے دنوں میں آپ کے لیے حالات مشکل ہو سکتے ہیں، اگر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی تو مشکلات کیلئے تیار رہنا چاہیے۔