ملبورن: آسٹریلیا میں وژول آرٹسٹ پامیلا کلیمین پاسی کے تعاون سے مردانہ ملبوسات بنانے والی ایک کمپنی ’پولیٹکس‘ (Politix) نے مردانہ مونچھوں سے بنا ہوا ایک کوٹ نمائش میں رکھا ہے-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق، ہر سال نومبر میں ’’مومبر‘‘ (Movember) کا عالمی تہوار بھی منایا جاتا ہے جس میں دنیا بھر کے مردوں کو مونچھیں بڑھانے کی ترغیب دیتے ہوئے مردانہ صحت اور امراض کے بارے میں آگاہی دی جاتی ہے –
ملبورن، آسٹریلیا کی ’پولیٹکس‘ نے اس سال ’’مومبر‘‘ منانے کےلیے اعلان کیا کہ وہ پامیلا کلیمین پاسی کے تعاون سے ایسا کپڑا تیار کروا رہی ہے جو مکمل طور پر مردانہ مونچھوں پر مشتمل ہوگا پامیلا اس منصوبے میں شمولیت کےلیے تیار تھیں کیونکہ ان کے شوہر کا انتقال بھی 2016 میں پروسٹیٹ کینسر سے ہوا تھا۔
کپڑے کےلیے مونچھوں کے بال فراہم کرنے کی ذمہ داری ’’سسٹین ایبل سیلونز‘‘ نے قبول کی جو آسٹریلیا میں سیلونز سے کاٹے گئے بالوں کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ ہےالبتہ بہت سے دوسرے لوگوں نے بھی پامیلا کو براہِ راست مونچھوں کے بال بھیج کر اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔
پولیٹکس کے مطابق، مونچھوں کے بالوں سے لباس تیار کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا کیونکہ پہلے مرحلے پر چھوٹے چھوٹے بالوں کو یکجا کرکے ایسے کپڑے کی شکل دینا تھا جو پہننے میں نرم و ملائم ہو جبکہ اس میں بالوں کی چبھن بھی نہ ہو-
پامیلا نے یہ چیلنج بخوبی پورا کیا اور مونچھوں کے بالوں سے مطلوبہ خصوصیات کا حامل کپڑا تیار کرکے ’پولیٹکس‘ کے ڈریس ڈیزائنر کے سپرد کردیا جس کے بعد جلد ہی اس کپڑے سے ایک خوبصورت مردانہ سوٹ تیار کرکے نمائش میں رکھ دیا گیا-