گلگت بلتستان میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ایم کیوایم پاکستان کا خفیہ معاہد سامنے آگیا

0
60

کراچی:گلگت بلتستان میں ہم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں :ایم کیوایم پاکستان گلگت بلتستان انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، اس یادداشت پر دو دن قبل دستخط کیے گئے ہیں۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت ایم کیو ایم نے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دست بردار کرائے، معاہدے پر دستخظ ایم کیو ایم کے امین الحق اور تحریک انصاف کے زلفی بخاری کی جانب سے کیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم نے مذکورہ دونوں نشستوں (اسکردو 1 اور دیامیر 1) پر تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، ایم کیو ایم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام سے تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت اور ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔

اس 9 نکاتی مفاہمتی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو جلد آئینی صوبہ بنایا جائے گا، جی بی کے لیے جلد میڈیکل اور انجینئرنگ یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا، کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔

دیامر بھاشا ڈیم کے ذریعے پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع پر پہلا حق گلگت بلتستان کا ہوگا، فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں گے جس سے عوام کو 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نجات مل سکے۔سست ڈرائی پورٹ کو پورا سال کھلا رکھتے ہوئے ٹیکس کی خصوصی چھوٹ دی جائے گی، گلگت بلتستان کو سی پیک سے پہلے مستفید ہونے والا صوبہ قرار دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبے دیے جائیں گے۔

یادداشت کے مطابق اگر گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوتی ہے تو وہ ایم کیو ایم کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی مشاورتی ٹیم کا حصہ بناتے ہوئے حکومت میں شریک کرے گی۔

Leave a reply