ملک بھر میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے

eid

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں اہلیان پاکستان سنت ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔10 ذی الحج 1444 کو آج پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا جہاں علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔اسلام آباد کی فیصل مسجد میں ہونے والے نماز عید کے اجتماع میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ ، سفارتکاروں اور شہریوں نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے عید کی نماز اپنی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی، قائم مقام صدر و چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں نماز عید ادا کی۔
گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نماز عید ادا کی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے ایبٹ آباد میں نماز عید ادا کی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جناح گراؤنڈ (پولو گراؤنڈ) میں عید کی نماز ادا کی۔

Comments are closed.