اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں سرما کی پہلی بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد

اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں سرما کی پہلی بارش اور برفباری سے موسم مزید سرد

بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سندھ کے بیشتر شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ مری میں پہلی برفباری کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہوگئی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نوشکی میں بارش سے دوسے نالہ میں سیلابی ریلہ داخل ہوگیا۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بدھ کی شب سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔ مستونگ، قلات، تربت، زیارت، پشین، قلعہ سیف اللہ اور قلعہ عبداللہ اور مکران سمیت مختلف مقامات پر کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

سوئی گیس کے پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موسم سرما کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ پی ڈی ایم اے میں ایمرجینسی نافذ کر دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس، سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا۔ آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے ٹارگٹڈ جگہوں پر عملہ اور ہائی مشینری پہنچا دی گئی۔ پی ڈی ایم اے کے تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی آورز بڑھا دیے۔

پنجاب

موسم سرما کے بادلوں کا لاہور شہر کے مختلف علاقوں میں بسیرا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔ گلبرگ، لکشمی چوک، جوہر ٹاؤن، باغبانپورہ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئے۔ ترجمان موٹروے سید عمران احمد کے مطابق حد نگاہ میں بہتری کے بعد موٹروے ایم ٹو کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ضلع بہاولنگر، بھکر، شیخوپورہ، بورے والا، پنڈدادن خان، ملتان، رائیونڈ، پاکپتن، چشتیاں، مریدکے، ساہیوال، عارفوالا، چیچہ وطنی اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ ملکہ کوہسار مری، نتھیاگلی اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہوگئی جس کے باعث سیاح خوشی سے کھل اٹھے۔ موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد انتظامیہ بھی متحرک ہے، موسم سرما کی تعطیلات کے باعث سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیاحوں کو اس بار برفباری کا طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔

خیبرپختونخوا    
  

پشاور میں بوندا باندی کی وجہ سے اچانک سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ دھند میں کمی آگئی، نوشہرہ میں بھی ہلکی بوندا باندھی شروع ہوگئی۔ پاراچنار میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پہاڑوں اور درختوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، درجہ حرارت منفی 4 تک گر گیا۔

Comments are closed.