ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع، ڈھائی کروڑ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے.

ملک بھر میں آج سے انسدادِ پولیو مہم شروع ہورہی ہے جس کے دوران ڈھائی کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ آج شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم میں ملک کے 83 مخصوص اضلاع میں بچوں کو پولیو سے حفاظت کیلئے قطرے پلائے جائیں گے۔ آج سے شروع ہونے والی مہم آئندہ 5روز تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیوفری پاکستان ہمارا قومی مقصد ہے جبکہ پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی پولیو کے کیسز موجود ہیں جو بدقسمتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اگست کے دوران اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ایک اجتماعی مشن کے طور پر پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پوری کوشش کرنی چاہیے۔ والدین سے اپیل ہے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اچانک سیلاب کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں تک رسائی تقریباً منقطع ہونے کی وجہ سے انسداد پولیو مہم مزید چیلنجنگ بن گئی ہے۔

یاد رہے کہ؛ 1994 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا پروگرام ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے مصروفِ عمل ہے۔ اس وقت ملک بھر میں 339,521 پولیو ورکرز پولیو کے خاتمے کے ان اقدامات میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس پروگرام کو دنیا کے سب سے بڑے نگرانی کے نظام کی خدمات حاصل ہیں۔ اس کے علاوہ اس پروگرام کو معلومات کے حصول اور تجزیے کا معیاری نیٹ ورک، جدید ترین لیبارٹریز، وبائی امراض کے بہترین ماہرین اور پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں پبلک ہیلتھ کے نمایاں ماہرین کی خدمات بھی حاصل ہیں۔

Shares: