ملک و صوبے کی ترقی میں قومی شاہراہوں کا کلیدی کردار ہے

0
37

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ ملک و صوبے کی پائیدار ترقی وخوشحالی میں قومی شاہراہوں کا کلیدی کردار ہے. اس ضمن میں قومی شاہراہوں کی توسیع اور تعمیر کیلئے لورلائی سے سینکڑوں کلومیٹر پیدل مارچ کرکے کوئٹہ تشریف لانے پر لورالائی کے نوجوان خراج تحسین کے مستحق ہیں. گورنر یاسین زئی نے توقع ظاہر کیا کہ موجودہ حکومت بہت جلد لورالائی کے عوامی مطالبات پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں اسفندیار خان کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا. وفد میں سوشل ایکٹیویسٹ مولاداد خان، سردار فیصل خان، انجنئیر نصیب اللہ اور عبیداللہ شامل تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کو اجتماعی مفادات کیلئے قربان کرنا ہی انقلابی شعور کی علامت ہے اور ہمارے اجتماعی روشن مستقبل کا راز بھی اسی میں پوشیدہ ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثات میں کمی لانے کیلئے ہمیں تمام قومی شاہراہوں کو حال اور مستقبل قریب کے تقاضوں کے مطابق دو رویہ کرنا ہوگا.

قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے سردست تمام متعلقہ محکموں کو ایک جامع اور مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی اشد ضرورت ہے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ تمام شہریوں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی اس کیلئے بھرپور عوامی مہم چلانے کی ضرورت ہے.

گورنر یاسین زئی نے کہا کہ اس ضمن میں ہم تمام متعلقہ وفاقی وصوبائی محکموں اور اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بہت جلد قانون سازی کے ذریعے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر قابو پایا جائے گا.

Leave a reply