قلندروں کی ایک نہ چلی . لاہور قلندرز کو ملتان سلطانزنے 5 وکٹوں سے شکست دے دی
لاہور:قلندروں کی ملتان سلطانزکے سامنے ایک نہ چلی ، 5 وکٹوں سے شکست ،اطلاعات کےمطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔اطلاعات کےمطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنزبنائے۔ کرس لِین نے 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان شان مسعود 38 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کرس لِین اور فخر زمان پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے لاہور قلندرز کو59 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ کرس لِین کی19 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ فخر زمان 2 چوکوں اور 1چھکے کی بدولت 19 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اور اگلے سات بلے باز اسکور بورڈ پر صرف 64 رنز کا اضافہ ہی کرسکے۔ کپتان سہیل اختر نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز تک پہنچانے میں مدد کی۔ملتان سلطانز کے معین علی، محمد الیاس اور عمران طاہر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ملتان سلطانز نے کپتان شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین رائیلی روسو کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت مطلوبہ ہدف 17ویں اوورکی پہلی گیندپرحاصل کرلیا۔ا وپنر شان مسعود 4 چوکوں ا ور 1 چھکے کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیل کرملتان سلطانز کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔رائیلی روسو نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔تجربہ کار آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے ناقابل شکست 21 رنز بناکر ملتان سلطانز کو فتح دلادی۔ لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی ، ڈیوڈ یزے اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں عمدہ باؤلنگ کرنے پر ملتان سلطانز کے عمران طاہر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ہفتہ کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔