مسافروں کی حفاطت اولین ترجیح ہے،سی ای او پاکستان ریلوے

0
28

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے فرّخ تیمُور غِلزئی نے کہا کہ اپریل میں 90 فیصد جبکہ مئی میں 87 فیصد ٹرینیں اپنے مقررہ وقت پہ روانہ ہوئیں۔ پاکستان ریلوے ٹرینوں کی پنکچوئلٹی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔ پسنجر سیفٹی اولین ترجیح ہے، سہولیات کی فراہمی کے لیے محدود وسائل میں رہتے ہوئے بہترین سروسز دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے فرّخ تیمُور غِلزئی نے ریلوے ہیڈکواٹرز آفس لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری کا انعقاد کیا ، عام لوگوں اور ریلوے ملازمین کے ریلوے سے متعلق مسائل کئے. اس موقع پر متعلقہ شعبہ کے افسران بھی موجود رہے۔ کھلی کچہری کا انعقاد وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ریلوے کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ای کچہری پر پوسٹ کیے جانے والے کمنٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایکسپرٹ ہر کمنٹ کا تجزیہ کرتے ہیں۔ اگر وہ تجویز کی شکل میں ہو تو قابلِ عمل ہونے کی صورت میں اس کی منظوری دی جاتی ہے اور اگر شکایت کی صورت میں ہو تو فوری طور پر متعلقہ افسران کو اس پر ایکشن لینے کا حکم دے دیا جاتا ہے۔

عوام الناس نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلوے کو مختلف سیکشنوں پر مزید مسافر ٹرینیں چلانے اورنئے سٹاپ دینے، مزیدکوچز لگانے اور مختلف اسٹیشنوں پر سہولیات کی فراہمی جیسے مسائل حل کرنے کی درخواست کی۔ سی ای او ریلوے نے سٹاپجز دینے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پالیسی کے تحت صرف ایسے اسٹیشن پر سٹاپ دیا جا سکتا ہے جس کی آمدن ایک لاکھ روپے سے زائد ہو۔

ایک سوال کے جواب میں سی ای او نے کہا کہ ٹرینوں میں مسافروں کی سہولت کے لیے کوچز میں چارجر سوئچ کے مسئلے کو ضرور حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرے محفوظ ماحول میں سفر ہر شہری کا حق ہے اور اس ضمن میں پاکستان ریلوے ہر وقت کوشاں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریلوے پاکستان کے ذرائع نقل و حمل میں محفوظ ترین ہے۔

ای کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین نے چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز فرّخ تیمُور غِلزئی کو محکمانہ پروموشن ، گریجویٹی/پنشن کی رقم کی ادائیگی، ریلوے میں ٹی ایل اے اور پی ایم پیکج کی ریگولائزیشن سمیت دیگر مسائل سامنے رکھے۔ فرّخ تیمُور غِلزئی نے کہا کہ ای کچہری کا بنیادی مقصد ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں اور فریٹ/ کارگو سے منسلک تاجر برادری کی شکایات کو با آسانی سن کر فوری ازالہ کرنا ہے۔ ریلوے ملازمین کے سروس معاملات کے حوالے سے درست فورم متعلقہ ڈی ایسز کے دفاتر ہیں۔

فیس بک لائیو کھلی کچہری صبح 9 بجکر 30 منٹ سے صبح 11 بجکر 30 منٹ تک جاری رہی جس میں 12 ہزار سے زائد لوگوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے سوالات کیے اور شکایات بیان کیں۔

Leave a reply