مشکل حالات کے باوجودعوام دوست بجٹ پیش کیا،حمزہ شہباز

0
30

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مشکل حالات کے باوجود ٹیکس فری اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ، بجٹ صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔ 200ارب روپے کے تاریخی امدادی پیکج کے تحت 10کلو آٹے کا تھیلا اب 490روپے میں دستیاب ہے۔

بجٹ اجلاس کے بعد حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اس امدادی پیکج کے ساتھ غریب عوام کی سہولت کے لیے 134ارب روپے کے رعایتی پیکج بھی دیا گیا ،134ارب روپے کے رعایتی پیکج کے تحت عوام کو اشیاء خورد و نوش کی رعایتی قیمتوں پر دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ جنوبی پنجاب، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی کے لئے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافہ سے سرکاری ملازمین کو ریلیف ملے گا۔ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک ملازمین جو دیگر الاونس نہیں لے رہے ،انہیں 15فیصد خصوصی الاؤنس بھی ملے گا۔ کم از کم اجرت 20,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے ماہانہ کرکے مزدوروں کو ان کا حق دیا ہے ۔ ‏یکم جولائی سے پنجاب کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور مراکز صحت پر مفت ادویات دی جائیں گی۔کینسر کے مریضوں کو بھی مفت ادویات ملیں گی۔

دوسری طرف سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ان کے پاس لوگ ہی نہیں ہیں، اگر ان کے پاس لوگ ہوتے تو اسمبلی بلڈنگ میں اجلاس کرتے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ جو اجلاس پہلے سے چل رہا ہو اس کے ساتھ دوسرا اجلاس نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پہلا اجلاس تو آج بھی چل رہا ہے، دو آرڈیننس لا کر ایک ادارے کے ساتھ زیادتی کی ہے، یہ ادارے کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ گورنر نے ہاؤس کا تقدس پامال کیا ہے، اُن میں عقل ہونی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ کام جو آج تک کسی بھی غیر جمہوری حکومت نے نہیں کیا وہ کام یہ لوگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر اجلاس کی صدارت کرنے کے لیے ڈپٹی اسپیکر کو کہہ ہی نہیں سکتے۔

Leave a reply