نئی دہلی:مسلمانوں کومجرم کہنے والوجنگ آزادی بھی انہیں مجاہدین نے لڑی تھی توہم آزاد ہوئے ، ہندوستان کے عوام شروع سے باشعور رے ہیں۔ یہ وہی عوام ہیں جن کے آبا و اجداد نے بھارت کو آزاد کرایا تھا۔ انگریزوں کے خلاف جنگ چھیڑ ی تھی اور ایک لمبی لڑائی لڑنے کے بعد ملک کو آزادی ملی تھی۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا ۔
ذرائع کےمطابق آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نےکہا ہےکہ انہیں کے نسل سے تعلق رکھنے والے عوام آج ایک مرتبہ پھر اپنے ملک کو بچانے اور آئین کی حفاظت کیلئے سڑکوں پرنکل آئے ہیں تو وزیر اعظم نریندر مودی انہیں گمراہ قراردے رہے ہیں اور کہ رہے ہیں کہ یہ لوگ ناسمجھ ہیں انہیں قانون کا پتہ نہیں ہے۔ انہیں کچھ لوگ بہکارہے ہیں۔ ہندوستان کے عوام کیلئے وزیر اعظم کا یہ جملہ مجاہدین آزادی اور اسلاف کی توہین ہے۔ عوام کا مذاق اڑانا ہے اور ان لوگوں کو نا سمجھ کہا جارہا ہے جن کی ووٹوں کی بنیاد پر آ ج وہ وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں۔
آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے مزید کہاکہ ہندوستان کے عوام باشعور ہیں۔ سمجھ دار ہیں۔ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ یہ ایک سیکولر ملک ہے لیکن متنازع شہریت قانون میں اس سیکولرزم اور جمہوریت کی مخالفت کی گئی ہے اور آئین کے خلاف قانون بنایا گیا ہے اس لئے وہ سڑکوں پر نکلے ہیں۔
ہندوستان کے عوام قابل مبارکباد ہیں جو اپنے حقوق، ملک کی حفاظت اور آئین کے تحفظ کیلئے ایک ماہ سے سڑکوں پر نکل کر پروٹیسٹ کر رہے ہیں اور گنگا جمنی تہذیب کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ مذہب، ذات اور سماج کی بنیاد پر تفرقہ ڈالنے والوں کو اپنے عمل کے ذریعہ ناکام بنارہے ہیں۔عوام کا جذبہ ، احتجاج اور جدوجہد قابل ستائش ہے۔ وزیر اعظم اور پوری حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ حالات کو سمجھے۔ عوام کی بات کو سنے اور ملک کے دستور کے خلاف بنائے گئے قانون کو واپس لے۔