سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے حالیہ انٹرویو میںکہا ہے کہ جو فنکار جو بھی کردار کرتے ہیں چاہے مثبت ہوں یا منفی ، لوگ ان کو ویسا ہی سمجھنا شروع کر دیتے ہیں اب جیسے کہ مجھے ایسا لگتا تھا کہ سلطان راہی اور مصطفی قریشی فلموں میں بہت گولیاں چلاتے ہیں تو یقینا یہ منفی لوگ ہوں گے. لیکن جب میں نے ان کے ساتھ کام کیا تو پتہ چلا کہ یہ لوگ تو ایسے ہیں ہی نہیں جیسا کام کرتے ہیں یہ تو بہت اچھے اور بھلے لوگ ہیں. انہوں نے کہا کہ اسی طرح سے میرے بارے میںلوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ میں ایک بری ساس ہوں اگرمیں ڈراموں میں بری ساس بنتی ہوں تو حقیقت میںبھی ایسی ہوں گی.
انہوں نے ایک واقعہ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ” میں نے اپنے بیٹے کا رشتہ دیکھا ، لڑکی والوں کے گھر گئی تو انہوں نے مجھے دو مہینے تک کچھ بتایا ہی نہیں میں نے اپنے لڑکے سے کہا کہ اگر لڑکی تمہیں پسند ہے اسے تم پسند ہو تو کیا مسئلہ ہے کیوں جواب نہیں دے رہے وہ لوگ تو میںنے اپنی بہو کی ماں کو خود ہی کال کر لی تو انہوں نے کہا کہ کہ بتائوں جب جب زہن بناتی ہوں کہ ہاں کر دوں آپ کا کوئی بری ساس والا ڈرامہ سامنے آجاتا ہے پھرمیں ڈر جاتی ہوں .” یوں میرے بارے میں یہ تاثر قائم ہو گیا ہے کہ میں اچھی نہیں ہوں حالانکہ ایسا نہیں ہے ہم تو صرف کردار کرتے ہیں .