متوازی سپورٹس ایسوسی ایشنز کا جلد حل نکل آ ئے گا،خالد محمود
لاہور ۔ 24 جولائی(اے پی پی )پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن حکام کو یقین ہے کہ متوازی سپورٹس ایسوسی ایشنز کا جلد حل نکل سکتاہے، اس سلسلے میں پی او اے کی ثالثی کمیٹی خالد محمود کی سربراہی میں اتھلیٹکس ، سائیکلنگ، جوڈو فیڈریشنز اور چاروں صوبائی اولمپک سیکرٹریز سے ملاقات کرکے تنازعات کے حل کےلئے کوشاں ہے،سیکرٹری پی او اے اورثالثی کمیٹی کے سربراہ خالد محمود کےمطابق اولمپک ہاءوس لاہور میں اتھلیٹکس فیدریشن کے نمائندے اور چاروں صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز کے سیکرٹریز کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے تاکہ اس معاملے کا اتفاق رائے سے حل نکالا جاسکے،اس ملاقات میں اتھلیٹکس فیڈریشن کی نمائندگی سیکرٹری محمد ظفر نے کی،بلوچستان اولمپک کے سیکرٹری شیرمحمد ترین،پنجاب سے خواجہ ادریس،سندھ اولمپک کے سیکرٹری احمد علی اور کے پی اولمپک کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ شریک ہوئے، جمعرات کو جوڈو فیڈریشن کے تنازع کا موزوں حل تلاش کرنے کے لیے مذاکرات ہوں گے ۔ پی او اے کی کوشش ہے کہ نیشنل گیمز سے پہلے تمام تنازعات کو حل کر لیاجائے،یہ تینوں فیڈریشنز انٹرنیشنل فیڈریشنز کے ساتھ الحاق رکھتی ہیں تاہم ان کی صوبائی ایسوسی ایشنز متعلقہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز کے ساتھ الحاق نہیں رکھتیں ، جو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے آئین کی خلاف ورزی ہے ۔