مذمت نہیں بلکہ مذاحمت کرینگے۔،لشکری رئیسانی

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے وحدت کالونی کے رہائشیوں کو مکانات خالی کرنے کے نوٹسز جاری کرنے کے اقدام پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کوبے گھر کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی ہم حکومت کے جعلی منصوبوں کی صرف مذمت نہیں بلکہ مزاحمت کریں گے، گزشتہ روز سراوان ہاؤس میں وحدت کالونی کے رہائشی افراد کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں جعلی مینڈیٹ پر آنے والی حکومت ناکامی کا شکار ہے حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرنے کے بجائے جعلی منصوبوں کے ذریعے عوام کی توجہ ان ناکامیوں سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہی ہے انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ کے تحت بلوچستان کے لوگوں کورہائش کی سہولت دینے کی بجائے لوگوں سے ان کے مکانات چھیننے جارہے ہیں جس کی جنتی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ سابق حکومت کا تھا جسے موجودہ حکومت اپنے کھاتے میں ڈالنے کیلئے وحدت کالونی میں رہائشی لوگوں کو ان کے مکانات سے بے دخل کرنا چاہتی ہے۔ وحدت کالونی کے رہائشی سالہا سال سے کالونی میں رہ رہے ہیں جنہیں اب تک کی حکومتیں بنیادی انسانی سہولیات تک فراہم نہیں کرپائیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ زلزلے کی فالٹ لائن پر واقع ہے جہاں بلندو بالا عمارتوں کی تعمیر مضحکہ خیز ہے اور اس شہر میں حکومت فیلٹس تعمیر کرنے جارہی ہے جہاں لوگوں کو پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے انہوں نے کہا کہ وحدت کالونی میں گزشتہ کئی دہائیوں سے لوگ رہ رہے ہیں ضرورت اس کی ہے کہ وہاں رہائشی لوگوں کو بے دخل کرکے سڑک پر بے سہارا چھوڑنے کی بجائے حکومت انہیں مالکانہ حقوق دے اور انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق، ساحل اور وسائل کی بات کی ہے حکومت کے جعلی منصوبے کی مذمت نہیں بلکہ اس منصوبے کے آگے مذاحمت کرینگے۔

Comments are closed.