پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اِن کیمرہ اجلاس آج تین بجے ہوگا اور یہ قومی سلامتی کمیٹی کا چھٹا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت اسمبلی ہال میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی قومی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔

سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائےقومی سلامتی کے اجلاس کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اجلاس غیر متعلقہ افراد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

کمیٹی کا اَن کیمرہ اجلاس ہونے کے باعث میڈیا کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

قومی اسمبلی اعلامیہ کے مطابق: کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف، دونوں ایوانوں کی سینئر پارلیمانی قیادت، وفاقی وزرا، سینئر سیاسی قیادت، صوبائی وزرا اعلی ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

کمیٹی اجلاس میں سینئر ممبران قومی اسمبلی و سینٹ، قومی اسمبلی اور سینٹ کی قائمہ کمیٹیاں برائے دفاع کے ممبران، وزارت دفاع، خارجہ، داخلہ، امور کشمیر، صحت، قومی سلامتی ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز شرکت کریں گے۔

کمیٹی اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بھی شرکت کریں گے۔

Shares: