نہ دنیا ختم ہوئی نہ ہم برباد ہو گئے ہیں، شائقین کی شدت پسندی درست نہیں، ویرات کوہلی کی پریس کانفرنس

0
43

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ نہ دنیا ختم ہو ئی ہے اور نہ ہم برباد ہوگئے ہیں. بھارتی شائقین کو جذباتی ہونے کی بجائے اپنا کرکٹ کلچر تبدیل کرنا ہو گا. جیت پر تو بہت خوش ہوتے ہیں لیکن ایک ہار پر کھلاڑیوں‌ پر سخت تنقید شروع کر دی جاتی ہے، یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ہاتھوں‌ بری طرح شکست کھانے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں‌ نے کہاکہ بھارتی عوام کی طرح میں‌ بھی شکست پر دکھی ہوں لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب آج کے سیمی فائنل جیسے کسی بڑے میچ میں 6 رنز پر 3 وکٹ گرجائیں تو پھر واپسی مشکل ہوجاتی ہے. دھونی اور رویندر جڈیجا نے بہترین بیٹنگ کی، آخری 4 اوورز میں ہمیں جیت کی توقع تھی لیکن نیوزی لینڈ نے چھوٹے اسکور کے باوجود کمال بولنگ کی، نیوزی لینڈ کی ٹیم ذہنی طور پر مضبوط تھی اور انہوں نے اپنے اعصاب کو کنٹرول میں رکھا، میں نے جڈیجا کی اس سے بہترین اننگز کبھی نہیں دیکھی۔

ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کی باؤلنگ کی بہت تعریف کی اور کہا کہ انہوں‌ اچھی باؤلنگ کے ذریعہ ہم پر بہت دباؤ رکھا. اب ہمارے لوگوں کو اپنے رویے کو تبدیل کرنا ہوگا، کسی بھی کام میں شدت پسندی درست نہیں ہے. ادھر نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ 2015 اور 2019 کے فائنل میں فرق ہے، بولٹ اور ہینری کی بولنگ نے ہمیں جیت دلوائی، پچ مشکل تھی اور ہمیں اندازہ تھا کہ جیت کیلئے ہمیں وکٹیں لینی ہیں۔

واضح‌ رہے کہ انڈیا کی ٹیم کی شکست کے بعد کوہلی پر سخت تنقید کی جارہی ہے. ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں‌ بھارتی ٹیم کی شکست کے بعد ہندوستانی کھلاڑی جو کل تک ہیرو قرار دیے جارہے تھے آج سبھی کو زیرو کہا جارہا ہے. بھارتی میڈیا دھونی کی طرح ویرات کوہلی کے بھی ہاتھ دھو کر پیچھے پڑ گیا ہے.

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنچریوں کا انبار لگانے والے ویرات کوہلی صرف ایک سکور بنا کر آؤٹ ہو گئے. کہا جارہا ہے کہ ویرات کوہلی کا بلا بڑے میچوں‌ میں‌ کبھی نہیں‌ چلتا جس سے بلے باز کی قلعی کھل جاتی ہے. بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنچریوں کا انبارلگانے والے وراٹ کوہلی صرف ایک رن پرآوٹ ہوگئے۔ وراٹ کوہلی اس عالمی کپ سے پہلے سال 2015 اور2011 میں ہوئے عالمی کپ میں بھی ٹیم کا حصہ تھے۔ وہ اب تک پانچ ناک آوٹ مقابلے کھیل چکے ہیں، لیکن ان کے اعدادوشمارحیران کرنے والے ہیں۔ ان پانچ ناک آوٹ میچ کی اننگ میں کوہلی نے 14.40 کی اوسط سے صرف 72 رن بنائے ہیں۔

Leave a reply