نیب قانون میں تبدیلی کے بعد اہم پیشرفت ہوگئی اور نئے ترمیمی ایکٹ کے تحت پرانے مقدمات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 25سال پرانے کیسز کا بھی ترمیمی ایکٹ کے تحت جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔ آصف زرداری کیخلاف پرانے مقدمات پر بھی نظر ثانی کی جائے گی۔ اُرسس ٹریکٹر ، اے آر وائی گولڈ ریفرنس ،ایس جی ایس کوٹیکنا ، پولو گراونڈ مقدمات کا بھی دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ نیب نے نظرثانی کیلیے ہائیکورٹ میں زیر التوا اپیلوں پر مہلت لینے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب نے پرانے کیسز سے متعلق وزارت قانون سے رائے مانگی تھی لیکن وزارت قانون نے رائے دینے سے گریز کیا اور نیب کو خود فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔

دوسری جانب اس سے قبل نیب کے چیئرمین آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ ان کی سربراہی میں نیب پہلے سے موجود کرپشن کیسز کو قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق آگے بڑھائے گا۔ عرب اخبار اردو نیوز کے سوال: نیب کے جو کیسز پہلے سے چل رہے ہیں ان کا مستقبل کیا ہو گا؟ پر آفتاب سلطان نے کہا تھا کہ ’ہم وضع کردہ قوانین اور آئینی عدالتوں کے فیصلوں پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے۔‘ تاہم یاد رہے کہ نیب اس وقت سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری سمیت حکمران اتحاد کے متعدد رہنماوں کے خلاف کیسز کی تحقیقات کر رہا ہے۔

نیب میں کون سے ہائی پروفائل کیسز چل رہے ہیں؟

نیب اس وقت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس فائل کر چکا ہے جس پر احتساب عدالت میں کاروائی جاری ہے۔ دوسری طرف نیب کی طرف سے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس کیس، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی کیس اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیسز بھی مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

اپڈیٹ جاری

Shares: