نبی پاک کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو عالمی مجرم قرار دیا جائے،طاہر محمود اشرفی

0
107

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ سب سے بڑی دہشت گردی توہین رسالت ہے، ایک مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن ناموس رسالت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کر سکتا، بھارت میں نبی کریم کی شان میں گستاخی پر بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جانا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت واقعہ پر سرکاری سطح پر معافی مانگے اور ملعون گستاخ کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ کل ملک بھر میں یوم حرمت رسول منایا جائیگا۔ انہوں نے یہ بات ضلع کونسل ساہیوال میں پاکستان علماء کونسل ضلع ساہیوال کے زیر اہتمام حرمت رسول و استحکام پاکستان کے حوالے سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمران پارٹی کے نمائندوں کی جانب سے توہین رسالت کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالم اسلام نے خاص کر مشرق و سطی و اسلامی دنیا میں شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان مسلم ممالک کے عوام نے احتجاجاً بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نبی پاک کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو عالمی مجرم قرار دیا جائے اور بھارتی حکومت سرکاری طور پر معافی مانگے۔

انہوں نے کہا کہ حرمت رسول ؐہماری زندگی اور آخرت،ہمارا جینا اور مرنا ہے اور حرمت رسول ؐکے لئے جان دینا مسلمان کے لئے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام انبیاء کرام اور ان پر نازل کی گئیں کتابیں ہمارے ایمان کا حصہ ہیں۔مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے لیکن نبی کریمؐ کی سنتوں پر عمل پیرا ہوکر اس بحران سے نکل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہم سب کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر پر زور دیا کہ سب ملکر ایک دوسرے کی اصلاح کریں اور ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔سیمینار میں میں مرکزی وائس چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا شفیع قاسمی،مولانا انعام اللہ شاہ بخاری،مولانا مفتی ظہور احمد،بشپ ابراہم ڈینئل،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔سیمینار کے اختتام پر مولانا طاہر محمود اشرفی کو شیلڈ پیش کیا گیا اور ملک کی سلامتی،ترقی وخوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

Leave a reply