معروف اینکر ندیم ملک ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کومطلوب:نوٹس بھی جاری کردیا گیا

اسلام آباد:معروف اینکر ندیم ملک ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کومطلوب:نوٹس بھی جاری کردیا گیا ،اطلاعات کے مطابق پاکستان میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے انسداد دہشت گردی ونگ نے سما ٹی وی کے اینکر ندیم ملک کو نوٹس جاری کیا ہے۔

ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ کی جانب سے معروف اینکر اور سما ٹی وی کے صدر ندیم ملک کو انکے 28 اپریل کے پروگرام کے حوالے سے جج ارشد ملک کیس میں انکوائری کے لیئے طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق انہیں مذکورہ کیس کے حوالے سے حساس تفصیلات کے بارے میں کافی معلومات ہیں اس کے لیئے ضروری ہے وہ 6 جولائی کو حاضر ہوں اور شواہد کے بارے میں بتائیں تاکہ ایجنسی کو اس کیس کی تحقیقات میں مدد ملے

 

 

دو جولائی کو بھیجے گئے نوٹس کے مطابق ندیم ملک کو اُن کے 28 اپریل کے پروگرام کی بنیاد پر چھ جولائی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 160 کے تحت ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عظمت خان کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ندیم ملک متعلقہ معلومات، دستاویزات اور شواہد ہمراہ لے کر آئیں۔

ذرائع کے مطابق ندیم ملک کو اس نوٹس کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ ان کے پروگرام میں کیے گئے انکشافات ایف آئی اے کے پاس زیر تفتیش سنہ 2019 میں درج مقدمہ نمبر 24 سے متعلق ہیں۔

یاد رہے کہ ندیم ملک نے 28 اپریل کو اپنے ٹی وی ٹاک شو میں کہا تھا کہ اُن کو دو اعلیٰ عہدیداروں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی ویڈیو کے بارے میں بتایا تھا جس کی بنیاد پر مرحوم جج سے نواز شریف کی نااہلی فیصلہ کرایا گیا۔

Comments are closed.