ننکانہ :مبینہ پولیس کی فائرنگ ،2 افراد کی دریائے راوی میں چھلانگ، ڈوب کرجاں بحق

ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پولیس کا خوف گرفتاری کے ڈر سے دو افراد دریائے راوی میں کود کر ڈوب گئے،دونوں کی لاشیں دریا سے نکالی لی گئیں،ایک سب انسپکٹر سمیت چارنامزد اور 6نامعلوم پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ منڈی فیض آباد نے ٹھٹھہ گجراں میں مبینہ دو منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو دونوں ملزمان گرفتاری کے خوف سے دریائے راوی میں چھلانگیں لگاکر ڈوب گئے

مقامی لوگوں کی مدد سے 45سالہ ارشدعرف کالی کی لاش دریا سے باہر نکال لی گئی جبکہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کے عملہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر دوسرے شخص کی تلاش شروع کردی اورگذشتہ رات تاریکی چھا جانے کے باعث واٹر ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ،ریسکیوز نے دوسرے روز الصبح سرچ آپریشن دوبارہ شروع کرکے 35سالہ غلام مرتضیٰ کی لاش بھی دریا سے باہر نکال کر ضروری کاروائی کے بعد ڈیڈ باڈی لواحقین کے حوالے کر دی

ڈی ایس پی سرکل بڑا گھر اور ایس ایچ او تھانہ فیض آباد احد گجر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ،پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ فیض آباد پولیس نے ریاست نامی ملزم کومنشیات سمیت گرفتار کیا تھاجو پہلے بھی منشیات فروشی کے مقدمہ کاملزم ہے نے پولیس کو بتایا کہ اس نے منشیات ارشد اور مرتضی سے خرید کی ہے پولیس ٹیم نے ریاست کی نشاندہی پر ارشد اور مرتضی کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارکر ٹھٹہ گجراں سے ناصر نامی منشیات فروش کو گرفتار کیاجبکہ پولیس کی آمد کی اطلاع پر ارشد اور مرتضی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے دریا میں چھلانگ لگا دی

دوسری طرف ڈی پی او صائد عزیز کی ہدائت پر پولیس تھانہ منڈی فیض آباد نے ارشد عرف کالی کے والد اشرف مندا کی مدعیت میں سب انسپکٹر حافظ بابر ، تین کا نسٹیبلان یاسین ، علی ٹوری اور آصف ٹوری سمیت 10پولیس اہلکاروں کے خلا ف زیر دفعہ 302,،148اور149ت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے

مدعی مقدمہ کا مؤقف ہے کہ میرا بیٹا ارشد اور داماد غلام مرتضیٰ دریائے راوی کے کنارے کھڑے تھے کہ پولیس نے ان پر فائرنگ کردی جس کے باعث جان بچانے کے لیے دونوں نے دریا میں چھلانگ لگادی، ڈوبنے والے افراد کے لواحقین نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین نے دونوں افراد کو بلاجواز گرفتار کرنے کے لیے ان کا تعاقب کیا اور ان پر فائرنگ کی

لواحقین نے حکومت سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply