نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر سابق اولمپیئنز کا شدید برہمی کا اظہار

0
63

سیاسی جلسے کےلیے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی ٹرف اکھاڑنے پر سابق اولمپیئنز نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

باغی ٹی وی :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 13 اگست کے جلسے کیلئے ہاکی اسٹیڈیم لاہور سے کروڑوں روپے کی ٹرف بلیڈ سے اکھاڑی گئی تھی جس پر سابق اولمپئینزز نے برہمی کا اظہار کیا ہے-

اولمپیئن رشید الحسن کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے لاہور میں کوئی دوسرا میدان نہیں ملا۔

اولمپیئن وسیم فیروز کا کہنا تھا کہ ابھی اس ٹرف پر مزید بہت کھیل ہوسکتا تھا جب کہ ہاکی فیڈریشن کے قام مقام سیکرٹری حیدرحسین نے کہا کہ دسمبر میں یہاں ہونے والی لیگ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

آسٹروٹرف کو ہٹانے کی خبر وائرل ہونے کے بعد اولمپیئن منظور الحسن نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کی جانب سے اسٹیڈیم کو برباد کرنے کے فیصلے پر سخت مایوس ہیں۔

انہوں نے وزیر کھیل پنجاب ملک تیمور مسعود کی جانب سے آسٹروٹرف کو پرانے ہونے کی وجہ سے تبدیل کرنے اور سرگودھا میں لگانے کے دعوے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’سرگودھا میں ٹرف پہلے سے موجود ہے اور لڑکے بغیر کسی شکایت کے وہاں کھیلتے ہیں جبکہ فیصل آباد میں گزشتہ ایک سال سے ٹرف موجود نہیں ہے کیونکہ اس کے لیے ٹینڈر جاری نہیں کیے گئے-

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ٹرف کافی پرانا تھا اور کھیل کے قابل نہیں تھا، گزشتہ ماہ چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ٹورنامنٹ اسی پر کھیلا گیا اور کھلاڑی بغیر کسی شکایت کے ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہوئے، تاہم اس کا واحد مسئلہ یہ ضرور تھا کہ جب اسے تقریباً 10 سال پہلے لگایا گیا اس وقت یہ ٹھیک سے بچھایا نہیں گیا تھا لیکن اس کی سطح بالکل درست حالت میں تھی ۔

منظور الحسن نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ 4 برسوں میں ایک بھی ٹرف نہیں بچھائی اور اب ایک موجودہ ٹرف کو ہٹانے کے فیصلے نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے، اس حوالے سے جمعہ کو (آج) نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کے سامنے احتجاج کیا جائے گا ٹرف کو ہٹانے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے نئے ٹرف کی قیمت کئی گنا بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں ڈائریکٹر ایڈمن اسپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے ٹرف کو تبدیل کرنےکی سمری تیار ہوچکی ہے، ایک ہفتے تک آسٹرو ٹرف تبدیل کرنے کی سمری ارسال کردی جائے گی چند ماہ تک ٹرف امپورٹ کرلی جائےگی اور نئی آسٹرو ٹرف لگائی جائےگی، ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی، اسپورٹس بورڈ کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔

اس حوالے سے قائم مقام سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر علی کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پنجاب اسپورٹس بورڈ کی ملکیت ہے، ہاکی میچ کرانےکے لیے بھی اسپورٹس بورڈ سے اجازت درکار ہوتی ہے جب نئی ٹرف آجاتی تب پرانی اکھاڑنی چاہیے تھی۔

صوبائی وزیر کھیل تیمور مسعود کا کہناتھا کہ ٹرف 10،12 سال سے لگی ہوئی تھی ٹرف لاہور سے تبدیل کرکے سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میں بچھائی جائےگی، ٹرف تبدیل کرنےکا فیصلہ گزشتہ حکومت کے دور میں کیا گیا، نئی ٹرف کے لیے جلد ٹینڈر دیا جا رہا ہے، انتظامیہ نے تبدیلی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں لگی ٹرف اکھاڑ ی۔

یاد رہےکہ پہلے پی ٹی آئی نے جشن آزادی جلسہ پریڈگراؤنڈ اسلام آباد میں کرنےکا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد میں جلسےکا مقام تبدیل کر دیا گیا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کیا تھا کہ 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات ہاکی اسٹیڈیم میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے، عمران خان خصوصی طور پر جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے تحریک انصاف کے 13 اگست کے جلسے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کیلئے درخواستوں پر فیصلہ کریں، یہ حکام کا کام ہے وہ پی ٹی آئی کو کہاں جلسہ کرنے کی اجازت دیں لاہور ہائیکورٹ ایسے معاملات میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

عدالت نے حکم دیا تھا کہ اسٹیڈیم کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچایا جائے، نقصان کی صورت میں پی ٹی آئی اس کا ازالہ کرے گی آسٹرو ٹرف لگانے کا کام پنجاب حکومت کرے گی لہٰذا آسٹرو ٹرف کو جلد از جلد لگایا جائے اور بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں۔

Leave a reply