نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا میلہ کل سے فیصل آباد میں سجے گا اور 13 سے 24 اکتوبر تک اقبال اسٹیڈیم میں جاری رہے گا

ملک بھر کے بہترین کرکٹر زونگ فور جی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کے لیے فیصل آباد پہنچ چکے ہیں۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد 8 سال بعد ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ جہاں 96 بہترین کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم کا رخ کرے گی۔

نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی تیاری کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے کھلاڑیوں کی آمدن میں اضافہ کو ترجیح دی گئی۔ یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد میں شیڈول ٹی ٹونٹی کپ کی فاتح ٹیم کی انعامی رقم میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا۔ 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ایونٹ کی رنرزاپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کو 25 ہزار اور فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کو 35 ہزار جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کوایک لاکھ روپےکی انعامی رقم دی جائے گی۔ ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو بھی ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں پرمشتمل سیریز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ڈرافٹنگ میں شامل کیا جاسکتا ہے تاہم نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کی منظوری کے بعدکھلاڑیوں کو اقبال اسٹیڈیم میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

زونگ فور جی نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے تمام میچز ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ ایونٹ میں روزانہ 2 میچز کھیلے جائیں گے تاہم فائنل مقابلہ 24 اکتوبر کو ہوگا۔

پاکستانی وقت کے مطابق پہلا میچ روزانہ دوپہر 1:30 بجے اور دوسرا میچ 5:30 بجے شروع ہوگا۔

تمام میچوں کی تازہ ترین تفصیلات پاکستان کرکٹ بورڈ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی جائیں گی۔ پی سی بی ہر میچ کی رپورٹ بھی شائع کرے گا۔
مزید پڑھیں
“گرین ایپ”اب ہوگی منظم اورآن لائن شجرکاری

Shares: