نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا انعقاد ، چھ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ، چھ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان
باغی ٹی وی : 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز نے رواں ماہ شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے فرسٹ اور سیکنڈ الیون ٹیموں کے لیے 16،16 رکنی سکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔
ایونٹ کا فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں جاری رہے گا جبکہ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے میچز یکم سے 8 اکتوبر تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹورنامنٹس (فرسٹ اور سیکنڈ الیون)میں ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنے ٹائٹلز کا دفاع کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پہلی مرتبہ ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جارہا ہے۔ فیصلہ آئندہ سال آئی سی سی ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2021 کے انعقاد اورنیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شریک کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے۔ یہ کھلاڑی قومی ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی کی بدولت پی ایس ایل 2020 کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
ان سکواڈز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کےاعلان کردہ 45 رکنی ابتدائی سکواڈ سے کیا گیا ہے۔ تمام ہیڈ کوچز نے اپنی کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے 45 رکنی ابتدائی سکواڈ کا اعلان 28 اگست کو کیا تھا۔ قائد اعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے لیے تمام ٹیموں کے سکواڈز کا اعلان اِن ایونٹس سے قبل کیا جائے گا۔
دفاعی چیمپئن ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نےڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے بھی ایک مضبوط ٹیم کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم کی قیادت پاکستان کے آلراؤنڈر عماد وسیم کریں گے جبکہ حال ہی میں دورہ انگلینڈ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نوجوان کرکٹر شاداب خان، حیدر علی، حارث روف اور محمد عامر بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔ ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر موسیٰ خان اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، محمد نواز، سہیل تنویر اور عمر امین کے نام بھی نمایاں ہیں۔
ٹیم کے کپتان عماد وسیم 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے ایونٹ کے سیکنڈ راؤنڈ کے لیے دستیاب ہوں گے وہ ابھی ای سی بی کے وائٹیلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں نوٹینگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
گذشتہ سال ایونٹ کی رنرز اپ ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے والی، بلوچستان، کی قیادت حارث سہیل کے سپرد ہے۔ ہیڈ کوچ فیصل اقبال کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، عمران فرحت، کاشف بھٹی، یاسر شاہ اور عمر گل کے نام موجود ہیں