نیٹو: فن لینڈ اور سوئیڈن کی شمولیت کی درخواست جمع، ترکی بھی میدان میں آگیا

0
33

انقرہ :فن لینڈ اور سوئیڈن نے نیٹو میں شمولیت کے لیے مشترکا درخواست جمع کرا دی ہے۔ خیال رہے کہ ان نارڈک ممالک نے یوکرین پر روسی حملے کو جواز بنا کر غیر جانبدار رہنے اور نیٹو میں شمولیت اختیار نہ کرنے کی اپنی برسوں پرانی پالیسی کو ترک کر دیا ہے۔

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے گزشتہ روز فن لینڈ اور سوئیڈن کے سفیروں سے نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کے لیے یہ مشترکا درخواست وصول کی۔ اس موقع پر اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ایک تاریخی قدم ہے اور اتحادی ممالک میں بھی نیٹو کی وسعت میں اضافے پر اتفاق پایا جاتا ہے۔

دوسری جانب ترکی نے نیٹو اراکین کو فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت سے متعلق مذاکرات شروع کرنے سے روک دیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بدھ کو اس مذاکراتی عمل کے آغاز کی مخالفت صرف ترکی کے سفیر کی جانب سے کی گئی۔

واضح رہے کہ اس مغربی عسکری اتحاد کے واحد رکن ملک ترکی کی جانب سے فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں ممکنہ شمولیت کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ ترکی کا کہنا ہے کہ یہ نارڈک ممالک اس کے مخالف مسلح گروہوں کو پناہ فراہم کرتے ہیں۔

تاہم نیٹو رکن ممالک کو توقع ہے کہ ترکی، فن لینڈ اور سوئیڈن کے مابین مذاکرات سے یہ مسئلہ حل کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ نیٹو میں شامل ہونے کے لیے تمام تیس اراکین کی منظوری ضروری ہے اور اس عمل میں ایک سال لگ سکتا ہے۔

Leave a reply