اسلام آباد: نئے وزیراعظم کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد اب نئے قائد ایوان کے انتخاب کا عمل شروع ہوچکا ہے، جس کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے آج دوپہر 2 بجے تک کا وقت دیا گیا تھا۔
ایک بہتر کل کی امید ابھی بھی زندہ ہے، شوبز فنکاروں کا عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نئے قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے ہیں شہبازشریف نے خود کاغذات نامزدگی جمع کروائے شہباز شریف کے ہمراہ خواجہ آصف اور دیگر موجود تھے شہبازشریف کی جانب سے 12 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں شہباز شریف کے تجویز کنندہ آصف زرداری اور تائید کنندہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی نئے قائد ایوان کے لئے سابق وزیرخارجہ اور پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ عامر ڈوگراورعلی محمد خان ہیں جب کہ شاہ محمود قریشی کی جانب 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔
اداکارہ ریشم نے ’’شہباز شریف زندہ باد‘‘ کا نعرہ لگادیا
اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی جانب سے عامر ڈوگر اور ملیکہ بخاری نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے سے 4:30 بجے تک کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی، جس کے بعد عمران خان اب وزیراعظم نہیں رہے۔ اسپیکر اسد قیصر کے مستعفی ہونے کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی کارروائی مکمل کی۔








