این سی اے میں کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے تحت سمر کیمپ جاری ہے ۔ طلبہ و طالبات سے بات کرتے ہوئے وائس چانسلر نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسرڈاکٹر مرتضیٰ جعفری نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ملکی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے تحت ہم نوجوانوں کو ہنر مند بنا رہے ہیں ۔ این سی اے کے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں ۔ دوہفتوں پر مشتمل لاہور ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں جاری سمر کیمپ شارٹ کورسز میں خطاطی، ڈرائینگ، واٹر کلر پینٹنگ ،مجسمہ سازی ، اینی میشن ،شارٹ فلم، آئل پینٹنگ، فیشن السٹریشن، گرافک ڈیزائن، گٹار اور ڈیجیٹل فوٹو گرافی شامل ہیں ۔
نیشنل کالج آف آرٹس 2014 سے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے تحت سمر کیمپس کا تسلسل سے انعقاد کروا رہا ہے ۔ یہ پروگرام این سی اے لاہور کی حد تک ہی محدود نہیں بلکہ فنون لطیفہ کے فروغ اور ترقی کے لئے این سی اے راولپنڈی کیمپس، این سی اے اسلام آباد کیمپ آفس اور مر ی میں بھی منعقد کئے گئے ہیں ۔ جن میں ڈاکٹرز ، ججز، انجینئرز ، مختلف شعبوں کے پروفیشنلز، سفارت کاروں کے بچوں اور اہل خانہ سمیت آرٹ کو مستقل پروفیشن اپنانے یا آرٹ کی تعلیم سے وابستہ ہونے کے خواہش مند طلبا و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کر چکی ہے
ہر سال سمر کیمپ میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں تسلسل کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس پروگرام میں بیشتر شرکاء کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے ہوتا ہے جو اپنی مصروفیات کے باعث آرٹ سیکھ نہیں پاتے ۔ این سی اے کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام انہیں ہر سال سمر کیمپ کی صورت میں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ این سی اے کی نہایت قابل اساتذہ سے آرٹ سیکھ سکیں ۔