دہشتگردوں کوشکست دینے کیلئے سہولت کاروں کیساتھ گٹھ جوڑختم کرنا ہوگا:آرمی چیف

راولپنڈی: سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں، ہمدردوں کے درمیان رابطوں کو توڑنا دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے ناگزیر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے ضلع پنجگور کا دورہ کیا اور پنجگور حملہ پسپا کرنے والے فوجی جوانوں کے ساتھ دن گزارا۔ کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے استقبال کیا۔

بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کو ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے میکنزم پر بریفنگ دی گئی جبکہ مقامی کمانڈر کی جانب سے سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے پنجگور کے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی، مادرِ وطن کا دفاع کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عمائدین کے کردار کو سراہا اور مقامی عمائدین کو علاقے کی خوشحالی، ترقی کے لیے فوج کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں بر وقت اور مؤثر رد عمل کی تعریف کی اور مادر وطن کے دفاع کے لیے فرض شناسی میں عظیم قربانی پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مقامی آبادی کی سکیورٹی اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔ دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا نیٹ ورک توڑنا ہو گا۔ بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ جوان اپنی آپریشنل تیاریارں برقرار رکھیں۔ دہشت گردوں کو کسی بھی قیمت پرحاصل کامیابیوں کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔

Comments are closed.