نیٹ فلکس کا پاسورڈ شئیر کرنے والوں کے خلاف بڑا فیصلہ

0
29

دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلکس نے دوستوں اور خاندان کے افراد کے ساتھ پاس ورڈ شیئر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

باغی ٹی وی : برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کے کچھ صارفین کو اسکرین پر میسجز موصول ہوئے ہیں جس میں کہا گیا ہے اگر یہ اکاؤنٹ آپ کا ذاتی نہیں ہے تو آپ کو ویڈیوز دیکھنے کے لیے اپنے ذاتی اکاؤنٹ کی ضرورت ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہیہ ٹیسٹ اس لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ یہ بات یقینی بنائی جاسکے کہ آیا وہ شخص یہ اکاؤنٹ استعمال کرنے کا مجاز ہےتاہم ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ کیا کمپنی اس ڈیزائن کو اپنے نیٹ ورک کا حصہ بنائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بتایا گیا ہےکہ نیٹ فلکس اپنے پلیٹ فارم پر غیر مجاز افراد کے خلاف کاروائی کی کوشش کررہا ہے تاہم اب تک یہ غیر واضح ہے کہ کتنے لوگ نیٹ فلکس کے شرائط و ضوابط کے تحت اسے استعمال کررہے ہیں۔

نیٹ فلکس کی آزمائش کے دوران صارف اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ انہیں اُس کوڈ کے ذریعے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل ہے جو کمپنی کی جانب سے انہیں میسج یا ای میل کے ذریعے بھیجا جاتا ہے-

دوسری جانب انڈیپنڈنٹ اردو نے اپنی رپورٹ میں تحقیقاتی کمپنی ’میگڈ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ35 فیصد ملینیئلز (1981 سے 1996 کے درمیان پیدا ہونے نوجوانوں) نے سٹریمنگ سروسز کے اپنے پاس ورڈ شیئر کیے ہیں۔ اس کے مقابلے میں جنریشن ایکس (اڈھیر عمر) کے 19 فیصد جبکہ 13 فیصد بے بی بومرز (ضعیف العمر) افراد نے ایسا کیا۔

’میگڈ‘ کے مطابق مجموعی طور پر نو فیصد صارفین پاس ورڈ شیئر کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ تناسب پہلی نظر میں زیادہ نہیں لگتا لیکن یہ عمل لاکھوں ڈالر تک نقصان کا باعث بن سکتا ہے-

رپورٹ کے مطابق نیٹ فلکس کے چیف پروڈکٹ آفیسر گریگ پیٹرز کا کہنا ہےکہ ہم اس کی نگرانی کرتے رہتے ہیں تاکہ صورت حال ہماری نظر میں ہو۔ ہم صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا حل تلاش کر لیں گے۔‘

تاہم پیٹرز کا کہنا تھا کہ فوری طور پر کمپنی کے پاس اس حوالے سے اعلان کرنے کے لیے کوئی بڑا منصوبہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ نیٹ فلکس ویڈیو سٹریمنگ کی ایک امریکی بین الاقوامی کمپنی ہے جس کے صارفین ماہانہ معاوضہ ادا کرنے کے بعد لاتعداد فلمیں اور ٹی وی شوز دیکھ سکتے ہیں-

Leave a reply