اسلام آباد:عمران خان کا نیا پاکستان عظیم الشان وژن، عملی جامہ پہنانے کیلئے ہمیشہ ساتھ دینگے: چین کا عظیم الشان اعلان ،اطلاعات کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کے عظیم الشان وژن کو عملی جامہ پہنانے اور اسے موزوں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہونے کی حمایت میں ہمیشہ ساتھ دیں گے۔
تفصیل کے مطابق چین کے سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کو چین کا حقیقی دوست اور برادر ملک قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات پر زور دیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز پاک چین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں سیمینار کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک کے بہترین اور مشترکہ مستقبل کے لیے چین اور پاکستان کے مابین عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔وانگ یی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے مضبوط باہمی سیاسی اعتماد کے ساتھ فولاد کی مانند اورکبھی نہ ٹوٹنے والے منفرد دوستانہ تعلقات کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قابل قدر تزویراتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ منظم روابط کو مضبوط بنانے، دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے بروقت رہنمائی میں تعاون کے لیے اعلیٰ سطح کے روبط کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو کورونا وائرس کو شکست دینے، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو مضبوطی سے آگے بڑھانے، مشترکہ طور پر علاقائی امن کے تحفظ اور حقیقتاً کثیرالجہتی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پرخلوص امید رکھتا ہے کہ عالمی منظر نامے میں تبدیلیوں سے قطع نظر پاکستان میں اتحاد، استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا اور چین مشکل وقت، قومی آزادی کے تحفظ، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور ایک نئے پاکستان کے عظیم الشان وژن کو عملی جامہ پہنانے اور پاکستان کے قومی حقائق کے لئے موزوں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہونے کی حمایت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دے گا۔