پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا۔
باغی ٹی وی : پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا پہلا ایک روزہ میچ 17 ستمبر کو ہو گا-
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم میں 3 ایک روزہ میچز اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گےدونوں ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز راولپنڈی اور 5 ٹی ٹوینٹی میچز لاہور میں ہوں گے جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے-
نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیےترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا بھی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرے گی-
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اس سے قبل نومبر 2003 میں آخری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔ 2003 کے بعد پاکستان اب تک تین مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کرچکا ہے تاہم یہ تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تھے۔
غیر ملکی کرکٹ ٹیم 18 سال بعد پاکستان میں سیریز کھیلنے کے پُرامید
چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، ہم پاکستان کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کے آغاز میں پاکستان کا دوبارہ دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔
ڈیوڈ وائیٹ نے کہاکہ بھارت سے باہر نیوزی لینڈ وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کا دورہ کیا اور ہمارے پی سی بی کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔خوشی ہے کہ ایک مشکل وقت ختم ہونے کے بعد اب پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوچکی ہیں۔
سیریز کا مکمل شیڈول:
11ستمبر: اسلام آباد آمد، 12تا14 ستمبر:روم آئسولیشن، 15تا16ستمبر: ٹریننگ/ پریکٹس/ انٹرا اسکواڈ میچ
17، 19اور 21 ستمبر: ایک روزہ بین الاقوامی میچ، راولپنڈی جبکہ 25 ، 26 اور 29 ستمبر ، یکم اکتوبر اور 3 اکتوبر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ، لاہور
گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوینٹی کھلاڑیوں کی رینکنگ جاری کر دی آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پہلے نمبر ہیں جبکہ پاکستانی کپتان بابر اعظم دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام پر بابر اعظم کے 14 رینکنگ پوائنٹس میں کمی ہونے کے بعد بابر اعظم کے رینکنگ پوائنٹس 819 ہو گئے جبکہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کے رینکنگ پوائنٹس 841 پر آ گئے پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹی ٹوینٹی ریکنگ میں چھٹے سے ساتویں نمبر پر چلے گئے جبکہ بھارتی بلے باز کے ایل راہول چھٹے نمبر پر چلے گئے۔