اسلام آباد:نورمقدم موٹروے زیادتی کیس کا انصاف مانگتے مانگتے تھک ہارکررخصت ہوگئی ،اطلاعات کے مطابق کچھ روز قبل اسلام آباد میں نور مقدم کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

نورمقدم کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا تھا اور اب سوشل میڈیا پر اسے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

بدترین ظلم کا شکار ہونے والی نور مقدم کچھ عرصہ قبل موٹروے پر زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کے لیے بھی انصاف مانگتی رہی۔

اس حوالے سے نور مقدم کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک بینر اٹھائے ظلم اور زیادتی کرنے والے ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نور مقدم کی یہ تصویر اس وقت کی ہے جب وہ موٹروے زیادتی کیس کے حوالے سے دیے گئے ایک مظاہرے میں شریک ہوئیں۔

نورمقدم یہ مطالبہ کرتی ہیں کہ ظلم و زیادتی کرنے والے مجرمان کو پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ ایسے جرائم کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

وہ انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہتی ہیں کہ ہم ان کی وجہ سے ڈر کر گھر میں نہیں رہیں گی۔تاہم کسے معلوم تھا کہ دوسری خواتین کے لیے آواز بلند کرنے والی نور مقدم کچھ عرصہ بعد خود بدترین ظلم کا شکار ہوکر اس دنیا سے چلی جائے گی۔

یاد رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے سیکٹر ایف سیون فور میں نوجوان خاتون کو لرزہ خیز انداز میں قتل کردیا گیا تھا۔

Shares: