اسپیکر قومی اسمبلی قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ جمہوری نظام کا تسلسل اور جمہوریت میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت ملک کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان میں جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے. اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیراعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں جمہوریت نے خود کو بہترین طرز حکومت کے طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اقدار کی پاسداری اور ان پر عمل درآمد کرنے والے ممالک خوشحالی اور ترقی کی بلندیوں کو چھو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللّه تعالی نے پاکستان کو باصلاحیت نوجوانوں سے نوازا ہے جو پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

اسپیکر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کے لیے قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پاکستانی عوام جمہوری نظام کے بقاء کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ قوم کی تقدیر کا تعین کرنے کے تمام اختیارات عوام کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ واحد سیاسی لیڈر تھے جنہوں نے ملک کو پہلا جمہوری اور متفقہ آئین دیا۔ انہوں نے دختر مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہید بی بی ہمیشہ جمہوریت کے تسلسل اور آئین کی بالادستی کی بات کرتی تھیں۔انہوں نے اس سال کے یوم جمہوریت کے موقع پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے پاکستان کی نصف سے زیادہ آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی میدان میں بلاول بھٹو زرداری جیسے نوجوان اور متحرک رہنما موجود ہیں جو ملک کی ترقی، خوشحالی اور جمہوری مستقبل کی امید ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے آباؤ اجداد کی طرح پر امن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کا داعی ہیں۔

اسپیکر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے انتخابات کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ آئین میں انتخابات کے حوالے سے واضح رہنما اصول موجود ہیں اور ہر ادارے کا فرض ہے کہ وہ ان پر مکمل طور پر عمل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان جمہوری نظام کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔انہوں نے پارلیمانی نظام کے تسلسل پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کے ذریعے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا۔

انہوں نے نام نہاد جمہوریت کا پرچار کرنے والے ملک بھارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ دنیا کی نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنا قبضہ جمائے ہوئے ہے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں لوگوں کے جمہوری حق خود ارادیت کو صلب کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیری عوام کی حالت زار کا نوٹس لینا چاہیے اور بھارتی جارحیت اور ظلم کو روکنے کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی حکومت کی ہٹ دھرمی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں؛
انتخابی عمل کو پاکستان کے قوانین کے مطابق آگے بڑھایا جائے،امریکا
پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے،نگران وزیر داخلہ
ڈیفالٹرز سے ریکوری مہم ،لیسکو نے دوسرے روز21.26ملین کی وصولی کرلی
اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نوجوانوں کو جمہوری نظام میں شامل کرنے کے لیے پروگرام شروع کرنے میں سب سے آگے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا پارلیمنٹ ہے جس نے آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر بچوں، خواتین، اقلیتوں، نوجوانوں، خواجہ سراؤں اور ملک کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام کے لیے قومی اسمبلی کے ایوان کے دروازے کھولے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے بچوں کے حقوق پر پہلی پارلیمانی کاکس کا قیام عمل میں لایا اور چھوٹے بچوں کے لیے پہلی سمر انٹرن شپ کا اجراء کیا جس میں موک پارلیمنٹ کا انعقاد کیا گیا اور بچوں کی اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کیے گئے ہیں جس کا مقصد نوجوانوں میں آئین اور پارلیمان سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نوجوانوں کو جمہوری اور پارلیمانی عمل میں شامل کرنے کے لیے آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر آئینی یادگار کا افتتاح، باغِ دستور، ڈاک ٹکٹ، آئینی کتاب کے اصل رسم الخط کی نمائش، آئینی ایپ کا اجراء بھی کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو آئین پاکستان کا مطالعہ کرنے میں دشواری کا سامنا نا کرنا پڑے۔

Shares: